Jadid Khabar

نوئیڈا میں ملازمین کا پُرتشدد احتجاج، اکھلیش نے بی جے پی حکومت کو بنایا نشانہ

Thumb

 تنخواہ میں اضافہ کئے جانے کے مطالبے کو لے کر نوئیڈا میں پرائیویٹ ملازمین کا احتجاج لگاتار شدید ہوتا جارہا ہے۔ سڑک پر اترے ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے دہلی۔این سی آر میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اس دوران سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تنخواہ بڑھانے کی مانگ کو لے کر پُرتشدد ہوئے احتجاج کی وجہ بی جے پی حکومت کی وہ یکطرفہ پالیسی ہے جو سرمایہ داروں کی پرورش کرتی پالتی ہے لیکن عام نوکری کرنے والے ملازمین اورتنخواہ دار کارکن کا استحصال کرتی ہے‘‘۔

اکھلی یادو نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’ بی جے پی کے چندہ دار سرمایہ داروں کے اے ٹی ایم میں تو پیسے بھرتے جارہے ہیں لیکن ملازمین اور مزدوروں کی تنخواہ کے لیے ان کے اے ٹی خالی ہیں۔‘‘ ایس پی لیڈر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ بے تحاشہ مہنگائی کے اس دور میں کم تنخواہ میں گھر چلانا کتنا مشکل ہے، یہ ایک خاندان والا فرد ہی سمجھ سکتا ہے‘‘۔ انہوں نے آخر میں لکھا کہ ’’تنخواہ دار کہے آج کا، نہیں چاہئے بھاجپا‘۔
بتادیں کہ قومی راجدھانی دہلی سے متصل نوئیڈا کے سیکٹر 59 اور 60 میں بھی ملازمین نے کام چھوڑ کر احتجاج شروع کر دیا ہے جہاں مشتعل ہجو نے دو کاروں کے شیشے توڑ دیے اور دو موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بشمول پیرا ملٹری فورسز (پی اے سی) اور ریزرو ایئر فورس (آراے ایف) کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ سیکٹر 62 میں بھی ملازمین کا احتجاج جاری ہے، جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جب کہ پولیس صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بگڑتی ہوئی صورتحال کے درمیان کچھ  ملازمین نے اپنے گاؤں لوٹنے لگے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہاں رہنا محفوظ نہیں ہے۔