Jadid Khabar

امت شاہ نے مغربی بنگال میں 'غنڈہ راج' کا الزام لگایا، بی جے پی حکومت بننے پر سخت کارروائی کا وعدہ

Thumb

کولکاتہ، 13 اپریل (یو این آئی) مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز ترنمول کانگریس پر مغربی بنگال میں 'غنڈہ راج' اور بدعنوانی کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چار مئی کے بعد ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے پر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 
امت شاہ نے بیر بھوم کے بولپور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 2021 کے انتخابات کے بعد اس علاقے میں بی جے پی کارکنوں پر شدید ظلم و ستم کیا گیا۔ انہوں نے ووٹروں سے ممتا بنرجی کی حکومت کو رخصت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ گروہوں اور 'کمیشن' کی روایت میں ملوث افراد کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ 
انہوں نے کہا، ''ہم انہیں الٹا لٹکا کر سیدھا کر دیں گے۔'' انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 'ڈبل انجن سرکار' ریاست میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔ 
امت شاہ نے مبینہ شرپسند عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ 23 اپریل یعنی ووٹنگ کے دن اپنے گھروں میں رہیں، ورنہ پانچ مئی کے بعد انہیں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام بموں کا جواب بیلٹ پیپر سے اور خوف کا جواب اعتماد سے دیں گے۔ 
انہوں نے بدعنوانی کے الزامات پر کہا کہ جل جیون مشن جیسی مرکزی اسکیموں کا پیسہ مستحقین تک نہیں پہنچا۔ انہوں نے ترنمول رہنماؤں پر فنڈ میں خردبرد کا الزام لگاتے ہوئے مایوریشور جیسے علاقوں میں خراب بنیادی ڈھانچے کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے بھرتیوں، راشن کی تقسیم، منریگا اور رہائشی اسکیموں میں بھی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا۔ 
مرکزی وزیر نے خواتین کی حفاظت کے معاملے پر ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وعدہ کیا کہ بنگال کو خواتین کے لیے اتنا محفوظ بنایا جائے گا کہ وہ رات کے وقت بھی بلا خوف و خطر باہر نکل سکیں۔ انہوں نے بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر یکساں شہری ضابطہ (یو سی سی) نافذ کرنے کا وعدہ کیا اور دراندازی روکنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ چار مئی کے بعد دراندازوں کی شناخت کر کے انہیں واپس بھیج دیا جائے گا۔ 
اس سے قبل بولپور کے پلیمَنگل کلب میدان میں اپنی پہلی ریلی کے دوران امت شاہ نے سیکورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی کہ لوگوں کو بغیر جانچ کے اندر آنے دیا جائے تاکہ ایک خاص پیغام دیا جا سکے۔ وہ آج بیر بھوم کے خیرسول میں ایک اور ریلی سے خطاب کریں گے، جس کے بعد مغربی بردھمان میں ایک جلسہ عام اور روڈ شو میں بھی حصہ لیں گے۔