نئی دہلی، 9 اپریل (یو این آئی) آسام، کیرالہ اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات کے لیے جمعرات کو جاری ووٹنگ کے درمیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ووٹروں سے بہتر مستقبل کے لیے اپنا ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، محترمہ واڈرا نے ووٹروں سے جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو بہتر مستقبل کے لیے ووٹ دینا چاہیے۔
کیرالہ کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے لکھا کہ ریاست کے لوگ ایسی حکومت کے مستحق ہیں جو ان کی بات سنے، ان کے مسائل سمجھے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد محض اقتدار میں رہنا یا بدعنوانی کرنا نہیں ہونا چاہیے، بلکہ عوام کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اب تبدیلی کا وقت ہے اور یہ تبدیلی صرف یونائیتڈ ڈیموکریٹک فرنٹ ہی لا سکتا ہے۔
دریں اثنا آسام کے ووٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "میری پیاری بہنو اور بھائیو، آج جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں جوش و خروش سے حصہ لیں۔ اپنی ریاست، اپنی زمین، اپنی ثقافت اور اپنے روشن مستقبل کے لیے ووٹ دیں۔"
انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام ایسی حکومت کے مستحق ہیں جو مکمل طور پر ان کے لیے کام کرے اور انہیں مضبوط بنائے۔ محترمہ گاندھی نے آخر میں "جے آسام، جے کانگریس" کے نعرے کے ساتھ اپنی اپیل ختم کی۔
غورطلب ہے کہ تینوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔