Jadid Khabar

اجمیر کی عصمت دری کی شکار لڑکی اور اہل خانہ کو انصاف دے ریاستی حکومت: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 04 اپریل (یو این آئی) کانگریس نے راجستھان کے اجمیر میں عصمت دری کی شکار لڑکی کو انصاف نہ ملنے اور اس کے اہل خانہ کو ہراساں کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے ریاستی حکومت سے متاثرہ کو انصاف، خاندان کو تحفظ اور ملزمان کو فوری سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے درج فہرست ذات شعبہ  کے سربراہ راجندر پال گوتم نے ہفتہ کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار راجستھان میں 2024 میں ایک 15 سالہ دلت بچی کے ساتھ تین بااثر نوجوانوں نے زیادتی کی۔ بچی کے حاملہ ہونے پر اسے دہلی لایا گیا اور پھر اجمیر جا کر اس معاملے میں مقدمہ درج کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ کے بیانات جج کے سامنے درج کرائے گئے، لیکن آٹھ ماہ تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ بعد میں ایک گرفتاری ہوئی لیکن تینوں ملزمان کے خلاف واضح بیان کے باوجود دو کو چھوڑ دیا گیا۔

راجندر پال گوتم نے مزید بتایا کہ بااثر افراد نے خاندان پر کیس واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا اور انکار پر کلہاڑیوں سے حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ شکایت کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے خاندان کو کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، بلکہ پولیس افسران نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔

کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ دلتوں پر مظالم کے سب سے زیادہ واقعات بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں ہو رہے ہیں، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دلتوں کے خلاف جرائم میں اتر پردیش پہلے، مدھیہ پردیش دوسرے، راجستھان تیسرے اور بہار چوتھے نمبر پر ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اجمیر پولیس نے ملزمان کو چھوڑ دیا، جو اب متاثرہ خاندان کو ہراساں کر رہے ہیں اور یہاں تک کہ ان کی فصلیں بھی کاٹ کر لے گئے ہیں۔ انہوں نے راجستھان حکومت سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔