Jadid Khabar

میں کوبرا کمانڈر راکیشور سنگھ کی رہائی کے لئے مسلسل دعا گو ہوں:عمر عبداللہ

Thumb

سری نگر،8 اپریل (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ماؤ نوازوں کے قبضے میں جموں سے تعلق رکھنے والے کوبرا کمانڈو راکیشور سنگھ منہاس کی بغیر کسی نقصان کے رہائی کی دعا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں راکیشور سنگھ کی بغیر کسی نقصان کی رہائی اور ان کے جلد اپنے گھر واپس پہنچنے کی دعا کرتا ہوں۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا:‘میں کوبرا کمانڈر راکیشور منہاس کی بغیر کسی نقصان کے رہائی اور ان کے جلدی اپنے گھر واپس پہنچنے کے لئے مسلسل دست بدعا ہوں ’۔یاد رہے کہ جموں سے تعلق رکھنے والے راکیشور سنگھ منہاس سی آر پی ایف کی 210 کوبرا بٹالین سے وابستہ ہیں، جو چھتیس گڑھ کے ضلع بجا پور اور سکما کے جنگلات میں ہفتے کے روز ہونے والے ماؤ نواز حملوں میں لاپتہ ہوئے ہیں۔موصوف جوان ماؤ نوازوں کے قبضے میں ہے تاہم سرکار کی طرف سے اس کی اب تک کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔راکیشور سنگھ کے اہلخانہ نے بدھ کے روز ان کی رہائی کے لئے جموں میں احتجاجی دھرنا دیا۔۔ادھر راشٹریہ بجرنگ دل نے جمعرات کے روز بھی موصوف جوان کی رہائی کے لئے جموں میں احتجاج درج کیااحتجاجی‘دیش کے بیٹے کو واپس لاؤ واپس لاؤ’کے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر بجرنگ دل کی جموں و کشمیر اکائی کے صدر راکیش بجرنگی نے میڈیا کو بتایا کہ جس طرح ونگ کمانڈر ابھینندن کو رہا کرایا گیا اسی طرح اس کوبرا کمانڈو کو بھی رہا کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پورا دیش اس جوان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہے اور مرکزی سرکار اور جموں و کشمیر سرکار کو ان کی رہائی کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔

 

Ads