امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی نے حکیم جیفریز کو ایوان نمائندگان (ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز) کے اسپیکر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار منتخب کیا ہے۔ اگر وہ جنوری 2027 میں ہونے والے انتخاب میں جیت حاصل کر لیتے ہیں تو امریکی تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے سیاہ فام لیڈر بن جائیں گے۔ 56 سال کے حکیم جیفریز نیویارک کے رہنے والے ہیں۔ بدھ (18 نومبر) کو پارٹی کے اندر ہوئے خفیہ انتخاب میں انہیں 251 ووٹ ملے، جبکہ 11 اراکین نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔
حکیم جیفریز کے مقابلے میں پارٹی کے اندر سے کسی نے باضابطہ طور اپنی دعویداری پیش نہیں کی تھی۔ حالانکہ کچھ نئے اور ترقی پسند اراکین پارلیمنٹ نے ان کے نام کی مخلافت کی۔ ان کے انتخاب کے بعد آئندہ 2 سال تک صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان سیاسی ٹکراؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ حکیم جیفریز کی پیدائش نیویارک کے بروکلین علاقے کے کراؤن ہاؤس میں ہوئی تھی۔ ان کا خاندان محنت کش طبقہ سے تعلق رکھتا تھا۔ سیاست میں آنے سے قبل انہوں نے وکیل کے طور پر کام کیا۔ 2007 میں وہ نیویارک کی ریاستی اسمبلی کے رکن بنے۔ 2012 میں پہلی بار امریکی پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے۔ 2023 میں انہوں نے نینسی پیلوسی کی جگہ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اب اسپیکر کے عہدے کے لیے ان کا انتخاب امریکی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی مانی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے حکیم جیفریز کو اپنا امیدوار منتخب کیا ہے، لیکن ابھی ان کا اسپیکر بننا طے نہیں ہواہے۔ 3 جنوری 2027 کو نئی امریکی پارلیمنٹ کی پہلی میٹنگ ہوگی۔ اسی دوران ایوان نمائندگان کے تمام اراکین اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔ حالیہ اختتام پذیر وسط مدتی انتخاب میں ڈیموکریٹک نے بڑی جیت حاصل کی ہے۔ پارٹی کو ایوان نمائندگان میں کم از کم 257 ملنے کا امکان ہے۔ ایوان میں مجموعی طور پر 435 سیٹیں ہیں اور اسپیکر بننے کے لیے کم از کم 218 ووٹ چاہیے۔ ایسے میں جیفریز کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں۔ اگر وہ منتخب ہو جاتے ہیں تو ریپبلکن لیڈر مائک جانسن کی جگہ لیں گے۔ نئی مدت کار میں ڈیموکریٹس ریپبلکن پارٹی کی پالیسیوں کو بدلنے اور ٹرمپ انتظامیہ کے کام کاج کی تحقیقات کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کا اسپیکر پارلیمنٹ کی کارروائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وہ طے کرتا ہے کہ کن امور پر بحث ہوگی اور کن بلز پر ووٹنگ کرائی جائے گی۔ صدر اور نائب صدر کے بعد صدارتی عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے کی فہرست میں اسپیکر تیسرے مقام پر ہوتا ہے۔ حکیم جیفریز نے کہا کہ ڈیموکریٹس ٹرمپ انتظامیہ کے غلط کاموں کے لیے اسے جوابدہ بنائیں گے۔ ایسے میں ان کے اسپیکر بننے پر ٹرمپ انتظامیہ اور امریکی پارلیمنٹ کے درمیان ٹکراؤ بڑھ سکتا ہے۔