Jadid Khabar

پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے ہوئے 88 دن ہو چکے، یہ ایک نیا ریکارڈ ہے: کانگریس

Thumb

پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کو ملتوی کیے ہوئے آج 88 دن ہو چکے ہیں، اور اب تک اسے باضابطہ طور پر معطل نہیں کیا گیا ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کچھ خطرناک اور تباہ کن بلوں کو منظور کرانے کی جو سازش کر رہی ہے، اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’آج پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے ہوئے 88 دن ہوچکے ہیں، لیکن اب تک اسے باضابطہ طور پر معطل (پروگیشن) نہیں کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور نے 19 اکتوبر 2026 کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ 2008 کا مانسون اجلاس ریکارڈ 87 دن تک باضابطہ طور پر معطل نہیں کیا گیا تھا۔ اس لحاظ سے آج ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔‘‘ حالانکہ انھوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ 2008 میں تمام سیاسی پارٹیوں کے اتفاق رائے سے اس اجلاس کو 87 دن تک معطل نہیں کیا گیا تھا، کیونکہ اس وقت حالات غیر معمولی نوعیت کے تھے۔
جئے رام رمیش نے اس پوسٹ میں پارلیمنٹ کے مستند دستورالعمل ’پریکٹس اینڈ پروسیجر آف پارلیمنٹ‘ کا بھی ذکر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ اس کا آٹھویں ایڈیشن (جو ’کول اینڈ شکدھر‘ کے نام سے مشہور ہے) 2024 کے وسط میں وزیر اعظم کے پیغام کے ساتھ شائع ہوا تھا۔ اس کے صفحہ 192 پر کہا گیا ہے کہ ’’لوک سبھا کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے اور اس کی باضابطہ معطلی کے درمیان عموماً 2 سے 4 دن کا وقفہ ہوتا ہے۔‘‘ اسی صفحہ کے حاشیہ نمبر 53 میں بتایا گیا ہے کہ ’’یہ وقفہ زیادہ سے زیادہ 28 دن کا رہا ہے اور اس کی مثال 2015 کے مانسون اجلاس سے متعلق ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے اس بات پر حیرانی ظاہر کی ہے کہ ’کول اینڈ شکدھر‘ میں 87 دنوں تک پارلیمنٹ کی معطلی نہ ہونے کا ذکر کیوں نہیں کیا گیا۔