Jadid Khabar

سونیا گاندھی نے ’انسٹاگرام‘ پر بنایا اکاؤنٹ، پہلی ویڈیو میں دکھائی اپنی کتاب کی جھلک

Thumb

کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر اکاؤنٹ بنا لیا ہے اور اس پر اپنی پہلی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ انھوں نے اپنی خودنوشت ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ (Belonging: A Journey of Love) کی پہلی جھلک دکھاتے ہوئے ویڈیو ’انسٹاگرام‘ پر شیئر کی ہے، جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’نمستے سبھی کو، آپ سب کے ساتھ اس لمحے کو شیئر کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ پیش ہے ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کی پہلی جھلک۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتی ہیں کہ ’’یہ محبت، فرض، اپنوں کو کھونے اور اپنی جگہ تلاش کرنے کی کہانی ہے۔ مجھے اسے آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ یہ کتاب سونیا گاندھی کی پوری زندگی کی کہانی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی میں ان کا بچپن کیسے گزرا، راجیو گاندھی سے انھیں محبت کس طرح ہوئی، جو انہیں ہندوستان لے آئی، اور اپنوں کو کھونے کے غم نے ان کی زندگی اور ہندوستان کے ساتھ ان کے رشتے کو کس طرح بدل دیا۔ اس کتاب میں کانگریس کی سب سے طویل عرصے تک صدر رہنے والی 79 سالہ سونیا گاندھی نے اپنی زندگی کے کئی اہم پہلوؤں کو سامنے رکھا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کتاب میں سونیا گاندھی نے اپنی ساس اندرا گاندھی اور شوہر راجیو گاندھی کے قتل سے جڑے انتہائی ذاتی اور جذباتی تجربات بھی شامل کیے ہیں۔