دسہرہ کے موقع پر آج دہلی-این سی آر میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور ٹریفک کے انتظامات پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ بھیڑ بھاڑ اور سیکورٹی پر نظر رکھنے کے لیے تقریبات کے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پولیس ہیلپ ڈیسک اور کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کو سادہ لباس میں بھی تعینات کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر مزید باریک بینی سے نظر رکھی جا سکے۔ ہنگامی خدمات کو بھی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دسہرے کے موقع پر بھیڑ کو سنبھالنے اور قانونی نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے دہلی-این سی آر میں 13 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ دہلی میں سب سے زیادہ 10 ہزار، گروگرام میں 2200 اور فریدآباد میں 1200 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس کی تعیناتی خاص طور پر بڑے مندروں، پوجا پنڈالوں، میلوں کے لیے منعقدہ تقریبات اور جلوسوں کے راستوں پر کی گئی ہے۔ آج دسہرے کے موقع پر مختلف تقریبات میں بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ ایسے میں پولیس بھیڑ کو قابو میں رکھنے اور کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے گی۔ اس کے علاوہ آج شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک کئی سڑکوں پر ٹریفک ڈائیورژن نافذ کیا گیا ہے۔