وارانسی، 15 اکتوبر (یواین آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ مقبول عوامی نمائندہ وہی ہوتا ہے، جس کی رسائی ہر گھر تک ہو۔ حکومت کی اسکیمیں دستیاب ہونے کے باوجود ضرورت مندوں تک ان کا فائدہ پہنچانے کی ضرورت ہے۔ بہت سے لوگوں کو معلومات کی کمی کی وجہ سے اسکیموں کا فائدہ نہیں مل پاتا ہے۔
یوگی نے جمعرات کو کہا کہ بے سہارا خواتین کو پنشن ملنی چاہیے، لیکن انہیں اس کی جانکاری تک نہیں ہوتی۔ اسی طرح بہت سے بزرگ افراد پنشن اور غریب خاندان راشن کارڈ کے فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں۔ باشعور عوامی نمائندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سرکاری اسکیموں کی تشہیر کے لیے کیمپ منعقد کریں اور اہل لوگوں تک ان کا فائدہ پہنچانا یقینی بنائیں۔ اسی سے 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس' کا ہدف پورا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیموں کا فائدہ کسی بھی تفریق کے بغیر، ذات، مذہب، فرقہ اور علاقائیت سے اوپر اٹھ کر ہر ایک اہل شخص تک پہنچنا چاہیے۔ اسے یقینی بنانا عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔
یوگی نے کہا کہ صفائی قدرت کے تئیں اظہار تشکر کا ایک ذریعہ ہے۔ کاشی کی جنوبی اسمبلی میں شجرکاری کے ساتھ 'ایک پیڑ ماں کے نام' مہم کو بھی آگے بڑھایا گیا ہے۔ اس کوشش کو مسلسل آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے صفائی کارکنوں کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب لوگ صبح سو کر بھی نہیں اٹھتے، تب تک صفائی کارکن ہاتھوں میں جھاڑو لے کر صفائی میں جٹ جاتے ہیں۔ ان کی کوششوں سے ہی ماحول صاف بنتا ہے اور شہر رہنے کے قابل بنا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی تحریک سے صفائی کے میدان میں کی جا رہی کوششیں پوری دنیا کے لیے مثال بنی ہیں۔