حکومت نے یو پی آئی ٹرانزیکشن پر 2 دن بعد نافذ ہونے والے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ یعنی یو پی آئی ایم ڈی آر کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ اب کچھ چنندہ یو پی آئی لین دین پر اسے نافذ کرنے کی تاریخ یعنی 15 اکتوبر سے چارج نہیں لیا جائے گا، بلکہ اسے دیوالی کے بعد کی کسی تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دراصل مرکزی حکومت نے 2 ہزار روپے سے زیادہ کے یو پی آئی لین دین پر 0.40 فیصد کا مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ طے کیا ہے اور یہ 15 اکتوبر سے نافذ ہونے والا تھا۔
واضح رہے کہ یو پی آئی اینڈ سروسز اسٹیئرنگ کمیٹی نے آج فیصلہ لیا کہ تہواروں کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے چنندہ پرسن ٹو مرچنٹ (پی2ایم) یو پی آئی لین دین پر ایم ڈی آر کو دیوالی کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ اس کے نفاذ کی تاریخ کے بارے میں الگ سے اطلاع دی جائے گی۔ یہ تہواروں کے موسم میں تاجروں کے لیے راحت بڑی خبر ہے، کیونکہ ان کے لیے دیوالی، دسہرہ اور نوراتری سمیت دیگر تہواروں پر بازار میں تجارت کا سب سے بڑا موقع ہوتا ہے۔ چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری یعنی سی ٹی آئی کی جانب سے بھی مسلسل کاروبار کو پہنچنے والے شدید نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت کی جانب سے یو پی آئی ادائیگیوں پر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) کا جو فریم ورک طے کیا گیا تھا، اس کے مطابق 15 اکتوبر 2026 سے 2000 روپے سے کم کے لین دین پر ایم ڈی آر صفر رکھا گیا تھا، جبکہ اس رقم سے زیادہ کی یو پی آئی ادائیگیوں پر پرسن ٹو مرچنٹ لین دین کے لیے 0.4 فیصد ایم ڈی آر مقرر کیا گیا تھا۔ حکومت کے سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ مختلف زمروں کے لین دین پر 5 روپے سے 300 روپے تک کی مقررہ فیس لاگو ہوگی۔