نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ مہنگائی صرف بازار کے اعداد و شمار میں نہیں بڑھ رہی، بلکہ اس کا اثر ہر متوسط طبقے اور غریب خاندان کے کچن پر پڑ رہا ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ تہواروں کے موسم میں گزشتہ تین مہینوں کے دوران کچن کا بجٹ 25 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھریلو خاتون کے مطابق 35,000 روپے کی ماہانہ آمدنی میں گھر کا خرچ سنبھالنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیرِ اعظم نریندر مودی کو اندازہ ہے کہ محدود آمدنی والے خاندان بڑھتی ہوئی مہنگائی کے درمیان اپنا بجٹ کیسے سنبھال رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ارہر کی دال 105 روپے سے بڑھ کر 140-150 روپے فی کلو، مونگ 95 روپے سے 120 روپے، چاول 42-45 روپے سے 53-55 روپے اور سرسوں کا تیل 165 روپے فی لیٹر سے 190 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں غذائی مہنگائی 5.95 فیصد رہی، جبکہ پیاز 48.27 فیصد، ادرک 73.82 فیصد اور لہسن 43.60 فیصد مہنگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے ساتھ گھریلو بچت میں کمی آ رہی ہے اور خاندانوں پر قرض بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اہل وطن کو اس "کمر توڑ مہنگائی" سے کب راحت ملے گی۔