Jadid Khabar

زمین قبضہ سے آزاد کرائیں، دبنگوں کو قانونی سبق سکھائیں: یوگی

Thumb

گورکھپور، 24 ستمبر (یواین آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کی صبح بارش کے باوجود منعقدہ 'جنتا درشن' میں دور دراز سے آئے ہوئے لوگوں سے گورکھ ناتھ مندر میں ملاقات کی اور ان کے مسائل کے حل کا یقین دلایا۔
انہوں نے غیر قانونی قبضے کی شکایتوں پر افسران کو ہدایت دی کہ زمین کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کروانے کے ساتھ ساتھ زبردستی قبضہ کرنے والوں کو سخت قانونی سبق سکھایا جائے۔ جنتا درشن کا اہتمام گورکھ ناتھ مندر احاطے کے مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ اس دوران یوگی نے تقریباً 200 لوگوں کے مسائل سنے اور افسران کو ان کے حل کی ہدایت دی۔ کرسیوں پر بیٹھے لوگوں تک پہنچ کر وزیر اعلیٰ نے ان کی تکلیف جانی اوراطمینان دلایا کہ تمام لوگوں کے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔
جنتا درشن میں وزیر اعلیٰ نے وہاں موجود افسران کو ہدایت دی کہ ہر متاثرہ شخص کے مسئلے پر حساسیت سے توجہ دیں اور تندہی کے ساتھ اس کا وقت پر اور شفاف تصفیہ کروائیں۔ اس دوران کچھ خواتین نے اپنی زمین پر زبردستی قبضہ کر لیے جانے کی شکایت کی۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ اگر کسی دبنگ (زور آور) نے کسی غریب کی زمین ہڑپ لی ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ زمین غیر قانونی یا زبردستی کے قبضے سے آزاد ہونی چاہیے۔