کالکاجی مندر کے پاس آستھا کُنج پارک میں گینگ ریپ (اجتماعی عصمت دری) کے معاملے کے بعد اب حکومت نے دہلی کے تمام پارکوں کی سیکورٹی جانچ کا حکم دیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) ترنجیت سنگھ سندھو نے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی)، دہلی پولیس اور ڈی ڈی اے کے افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد راجدھانی کے تمام پارکوں کا ایک ہفتہ کے اندر جامع سیکورٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت دی ہے۔ اس میں پارکوں میں مناسب روشنی، سیکورٹی کے انتظامات، پولیس کی باقاعدہ گشت اور صفائی کی صورتحال کی جانچ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایل جی کی یہ ہدایت جنوبی دہلی کے کالکاجی علاقے میں آستھا کُنج پارک میں 17 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے واقعہ کے بعد آئی ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار بتا کر لڑکی اور اس کے دوست کو دھمکایا اور اسے پارک کے سنسان حصے میں لے جا کر واقعہ کو انجام دیا۔ اس معاملے میں تینوں ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پارکوں کے سیکورٹی آڈٹ میں مناسب اور فعال لائٹس کی دستیابی کو ترجیح دینے کو کہا ہے۔ آستھا کُنج پارک کے واقعہ کے بعد سامنے آئی سیکورٹی سے متعلق خدشات میں پارک کے کئی حصوں میں اندھیرا اور نگرانی کی کمی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پارک میں کئی لیمپ پوسٹ کام نہیں کر رہے تھے اور اندر سی سی ٹی وی کیمرے بھی کم تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے دہلی پولیس کو پارکوں کے آس پاس بیٹ پٹرولنگ مضبوط کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پارکوں کے احاطوں کے آس پاس پنک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی پر بھی زور دیا گیا ہے، تاکہ خواتین اور لڑکیوں کی سیکورٹی کو مضبوط کیا جا سکے۔ ایل جی نے اس سے قبل بھی حساس اور زیادہ بھیڑ والے علاقوں میں پولیس کی نمایاں موجودگی اور پیدل و موٹر سائیکل پٹرولنگ بڑھانے پر زور دیا ہے۔
ڈی ڈی اے اور ایم سی ڈی کو پارکوں کی دیکھ بھال کے لیے ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن (آر ڈبلیو اے)، پرائیویٹ اداروں اور مقامی تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے امکانات تلاش کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس کا مقصد پارکوں کی باقاعدہ صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے۔ ایل جی نے کہا کہ دہلی کے شہریوں کی بہتر زندگی کے لیے محفوظ، صاف ستھرے اور سب کے لیے قابل رسائی پارک ضروری ہیں۔ اس کے لیے متعلقہ ایجنسیوں کو سیکیورٹی اور دیکھ بھال سے متعلق انتظامات کو مضبوط کرنا ہوگا۔