'چھاتروں کی گونج' پروگرام میں آ رہا ہوں، آپ بھی پریاگ راج آئیے : راہل گاندھی
نئی دہلی، 7 اگست (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے نوجوانوں سے پریاگ راج میں منعقد 'چھاتروں کی گونج' پروگرام میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہفتہ کو پریاگ راج آ رہے ہیں اور طالب علم و نوجوان بھی اس پروگرام میں پہنچیں۔
مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا ایکس پر جمعہ کو لکھا، "میں پریاگ راج آ رہا ہوں-اس شہر میں جہاں ملک کے سب سے زیادہ نوجوان مسابقتی امتحانات کی تیاری کرتے ہیں۔ ایک بات صاف ہے، یہاں کا ہر طالب علم جانتا ہے کہ نظام بے ایمان ہو چکا ہے۔ آپ کی محنت میں کوئی کمی نہیں ہے، کمی اس نظام کی نیت میں ہے جو آپ کی محنت کا احترام نہیں کرتا۔" انہوں نے کہا کہ پیپر لیک، برسوں تک بھرتیاں نہ ہونے، طویل انتظار اور قصورواروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے نوجوانوں کا مستقبل مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوٹا میں طلباء نے اپنی آواز اٹھائی، دہرادون میں بھی نوجوانوں نے احتجاج درج کرایا اور دہلی میں سوال پوچھنے والے طلباء پر لاٹھی چارج کیا گیا اور بالآخر ایک وزیر کو استعفیٰ دینا پڑا۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ حکومت تبھی جھکتی ہے جب لوگ متحد ہو کر اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا، "کل میں پریاگ راج آ رہا ہوں، آپ بھی آئیے۔" انہوں نے بتایا کہ 'چھاتروں کی گونج' پروگرام ہفتہ کو شام پانچ بجے پریاگ راج کے کے پی گراؤنڈ میں منعقد ہو گا۔