Jadid Khabar

آٹھ اگست کو پریاگ راج میں رہوں گا، انتظامیہ کی ہر ممکن روکنے کی کوشش: راہل

Thumb

نئی دہلی، 06 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ آٹھ اگست کو پریاگ راج میں منعقدہ 'چھاتروں کی گونج' پروگرام میں شامل ہوں گے لیکن انتظامیہ ان کے دورے کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
 
مسٹر گاندھی نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ الہ آباد یونیورسٹی کے طالب علم فیس میں اضافے اور نشستوں میں کمی کے خلاف اپنے مستقبل کی لڑائی لڑ رہے ہیں، لیکن انتظامیہ ان کی بات سننے کے بجائے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔
 
انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی پالیسی نوجوانوں کی آواز دبانے کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوال پوچھنے پر لاٹھی چلائی جاتی ہے، مخالفت کرنے پر مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور آواز اٹھانے پر پیلٹ گن کا استعمال کیا جاتا ہے۔
 
کانگریس رہنما نے کہا کہ جب سے انہوں نے طالب علموں کی بات سننے کے لیے آٹھ اگست کو پریاگ راج جانے کا فیصلہ کیا، تبھی سے انتظامیہ ان کے پروگرام کو ہر ممکن اور ہر طریقے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت طالب علموں کی گونج سے بھی ڈر رہی ہے۔
 
مسٹر گاندھی نے کہا، "میں طالب علموں کے ساتھ ہوں۔ حکومت چاہے جتنی بھی کوشش کر لے، مجھے طالب علموں کی آواز اٹھانے سے روک نہیں سکتی۔ آٹھ اگست کو پریاگ راج میں طالب علموں کے درمیان رہوں گا اور ان کی آواز بلند کروں گا۔"
 
قابلِ ذکر ہے کہ مسٹر گاندھی نے 'چھاتروں کی گونج' مہم کا آغاز راجستھان کے کوٹہ سے کیا تھا۔ اس کے بعد اس مہم کا دوسرا پروگرام دہرادون میں منعقد کیا گیا اور اب پریاگ راج میں آٹھ اگست کو ہونے والا پروگرام اس مہم کی تیسری کڑی ہوگا۔ مسٹر گاندھی اس دوران الہ آباد یونیورسٹی کے طالب علموں سے بات چیت کریں گے۔