Jadid Khabar

کمرشیل ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں تخفیف، گھریلو صارفین کو نہیں ملی راحت

Thumb

 
مرکزی حکومت نے 19 کلو گرام والے کمرشیل ’ایل پی جی‘ سلنڈروں کی قیمتوں میں 200 روپے کی تخفیف کی ہے۔ نئی قیمتیں ہفتے کے روز سے نافذ ہو گئی ہیں۔ حالانکہ گھریلو صارفین کو فی الحال کوئی راحت نہیں دی گئی ہے۔ کیوں کہ 14.2 کلو گرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق دہلی میں 19 کلو گرام والا کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 202 روپے سستا ہو گیا ہے۔ وہیں کولکتہ میں اس کی قیمت میں 209 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ اب کولکتہ میں کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 2872.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔
کمرشیل ایل پی جی سلنڈروں کا سب سے زیادہ استعمال ہوٹلوں، ریستوراں، کیٹرنگ کی خدمات اور دیگر تجارتی مقامات میں سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ان کاروباروں کے آپریٹنگ اخراجات میں کمی کی امیدیں ہیں، جس سے انہیں مالی راحت ملے گی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ کٹوتی صرف 19 کلو گرام والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈروں پر نافذ ہوگی۔ گھریلو استعمال میں آنے والے 14.2 کلو گرام کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس لیے عام صارفین کو قیمتوں میں راحت کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔
یہ مسلسل دوسرا مہینہ ہے جب حکومت نے کمرشیل ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ اس سے قبل جولائی میں بھی کمرشیل سلنڈروں کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ گزشتہ کچھ مہینوں میں مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، اور امریکہ ایران جنگ نے عالمی ایل پی جی مارکیٹ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ اب بین الاقوامی مارکیٹ میں حالات کچھ معمول پر آنے کے بعد حکومت نے مسلسل دوسری بار کمرشل ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں کمی کرکے تاجروں کو راحت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔