Jadid Khabar

مودی نے آسام کے اراکینِ پارلیمنٹ سے ملاقات کر کے سیلاب کی صورتحال کی معلومات حاصل کی، مدد کا یقین دلایا

Thumb

نئی دہلی، 28 جولائی (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کو یہاں آسام کے اراکینِ پارلیمنٹ سے ملاقات کر کے ریاست کے مختلف حصوں میں سیلاب کی موجودہ صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا۔
 
مسٹر مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے آسام حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے ریاست کے لوگوں کی سلامتی اور خیریت کے لیے دعا کی۔
 
وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، "آسام کے اراکینِ پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور ریاست کے مختلف حصوں میں موجودہ سیلاب کی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا۔ مرکزی حکومت متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے آسام حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ میں سبھی کی سلامتی اور خیریت کے لیے دعا گو ہوں۔"
 
قابلِ ذکر ہے کہ آسام کے شِیوساگر، گولا گھاٹ، چرائے دیو، جو رہاٹ، ناگاؤں اور کام روپ سمیت چھ اہم اضلاع میں سیلاب کی وجہ سے تقریباً پانچ لاکھ لوگ متاثر ہیں۔ ریاست کے مختلف متاثرہ علاقوں میں بے گھر ہونے والے لوگوں کے قیام کے لیے 90 سے زائد امدادی کیمپ اور 94 امداد کی تقسیم کے مراکز قائم کیئے  گئے ہیں۔
 
ریاست میں سیلاب کی وجہ سے 37,000 ہیکٹر سے زائد کی فصل ڈوب گئی ہے اور ہزاروں مویشی بہہ گئے ہیں۔