Jadid Khabar

بارش کے بعد ’ڈیڑھ فیٹ‘ پانی میں ڈوبی نوی ممبئی، سڑکیں بنیں دریا

Thumb

 
نوی ممبئی میں شدید بارش نے لوگوں کی مشکلات میں خاصہ اضافہ کر دیا ہے۔ منگل کی صبح تیز بارش کے سبب کئی علاقوں میں شدید آبی جماؤ کی صورتحال پیدا ہو گئی اور پانی میں ڈوبی سڑکیں دریا جیسی نظر آنے لگیں۔ تربھے علاقے کی رہائشی سوسائٹیوں کی پارکنگ میں بارش کا پانی بھر گیا۔ شدید بارش کے سبب سانپاڑا علاقے سے اے پی ایم سی روڈ تک پانی بھر گیا۔ اس روڈ پر تقریباً ڈیڑھ فیٹ تک پانی جمع ہونے کے سبب لوگوں کو پیدل چلنے میں کافی پریشانی ہوئی۔
ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق نالیوں کی صفائی ٹھیک سے نہ ہونے کے سبب پانی تیزی سے نہیں نکل پایا اور سڑکوں پر آبی جماؤ کی صورتحال بن گئی۔ یہ دوسری بارش ہے جب نوی ممبئی کی سڑکیں پانی میں ڈوبی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی) وقت پر نالیاں صاف نہیں کرواتی، جس کی وجہ سے ہر بارش میں یہی حال ہوتا ہے۔ پارکنگ، گھروں کے آس پاس اور اہم سڑکوں پر پانی بھرنے سے روزمرہ کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ممبئی اور آس پاس کے علاقوں کے لیے گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 30 جون کو صبح 8 بجے جاری بلیٹن کے مطابق آج پورے دن شدید بارش اور بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ممبئی میں درمیانی بارش درج کی گئی ہے۔ مشرقی مضافات میں سب سے زیادہ 40.62 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ جزیرہ نما شہر میں 26.03 ملی میٹر اور مغربی مضافات میں 22.47 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ شدید بارش اور آبی جماؤ کے سبب صبح کے مصروف اوقات میں ممبئی کی سڑکوں پر ٹریفک کی رفتار سست رہی۔ حالانکہ لوکل ٹرینوں پر اس کا اثر نہیں پڑا۔ نوی ممبئی کے لوگوں نے انتظامیہ سے نالیوں کی صفائی اور پانی نکالنے کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر مانسون میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ سامنے آتا ہے۔