دہلی، یوپی اور بہار میں گرمی نے کیا بے حال
دہلی-این سی آر، اتر پردیش، ہریانہ، مدھیہ پردیش، بہار اور جھارکھنڈ میں ہیٹ ویو یعنی گرم لہر کے پیش نظر آئی ایم ڈی نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق راجستھان اور پنجاب سمیت شمالی ہندوستان میں 24 سے 29 اپریل تک لو چلے گی اور دن میں تیز دھوپ کے باعث گرمی اور تپش میں اضافہ ہوگا۔ دہلی میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آئی ایم ڈی نے آج اور کل کے لیے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آج دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 25 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔
محکمۂ موسمیات نے اتر پردیش میں 24 سے 26 اپریل تک لو چلنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ 26 اپریل کے بعد موسم یو ٹرن لے گا اور فعال مغربی اضطراب کے باعث ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نوئیڈا اور غازی آباد میں 28-27 اپریل کو موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔ بہار میں بھی شدید گرمی سے لوگ پریشان ہیں۔ ریاست کے 6 اضلاع میں گرم لہر کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 26-25 اپریل کو پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں ہلکی بارش کے آثار ہیں، جس سے لوگوں کو گرمی سے کچھ حد تک راحت ملے گی۔
مدھیہ پردیش اور راجستھان میں گرمی اور تیز دھوپ کے باعث لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔ راجستھان میں آج موسم خشک رہنے اور درجہ حرارت میں اضافے کے آثار ہیں۔ انتہائی گرم موسم کو پیش نظر رکھتے ہوئے لو چلنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں بھی ہیٹ ویو کے سلسلے میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 26 اپریل کے بعد موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور 27 اپریل کو ریاست کے کئی اضلاع میں بوندا باندی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شمالی ہند جہاں شدید گرمی سے بے حال ہے، وہیں ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں اس وقت موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 24 سے 29 اپریل کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش، برف باری اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 25 سے 29 اپریل کے درمیان شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔