ایران نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے انکار کیا تو اسے 'بے مثال مسائل' کا سامنا کرنا پڑے گا: ٹرمپ
ماسکو، 21 اپریل (یواین آئی/ اسپوتنک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے انکار کیا تو اسے بے مثال مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مسٹر ٹرمپ نے پیر کو صحافی جان فریڈرکس کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ "وہ مذاکرات کریں گے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں، تو انہیں ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جیسے انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔"
امریکی صدر نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جائے گا۔
دریں اثناء ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اس سے قبل کہا تھا کہ ایران دھمکیوں کے دباؤ میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔
غور طلب ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران میں بعض اہداف پر حملے کرکے جنگ کا آغاز کیا تھا، جس سے کافی نقصان ہوا تھا اور عام شہری بھی ہلاک ہوئے تھے۔ 7 اپریل کو امریکہ اور ایران نے دو ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد پاکستان کے شہر اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ دوبارہ جنگ کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی شروع کر دی۔ ثالث اب بات چیت کا ایک نیا دور شروع کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔