Jadid Khabar

غازی آباد: 500 سے زائد جھگیوں میں آگ لگنے سے ہر طرف تباہی کا منظر

Thumb

 
غازی آباد کے اندرا پورم تھانہ حلقہ کے کنوانی گاؤں میں جمعرات کی دوپہر اچانک آگ لگنے سے ہر طرف افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اس آگ میں 500 سے زائد جھگیاں دیکھتے ہی دیکھتے شعلہ بن گئیں۔ آگ کی لپٹیں اتنی اونچی تھیں کہ دور سے ہی دکھائی دے رہی تھیں۔ اس آتشزدگی واقعہ میں تقریباً 6 بچے لاپتہ ہو گئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ حالانکہ بچوں کے لاپتہ ہونے سے متعلق کسی افسر نے ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔
آگ لگنے کے فوراً بعد جھگیوں میں رکھے رسوئی گیس سلنڈر ایک ایک کر پھٹنے لگے، جس سے لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ دھماکوں کی آواز سے پورے علاقے میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا اور لوگ اِدھر اُدھر بھاگتے دکھائی دیے۔ آتشزدگی کی خبر ملتے ہی مقامی پولیس فورس اور فائر بریگیڈ محکمہ کی کئی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے بلاتاخیر آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور اپنا کام شروع کر دیا۔ آگ پر پوری طرح سے قابو پانے میں کئی گھنٹے لگنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، کیونکہ آگ بڑے علاقہ میں پھیل چکی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حالانکہ یہ جانکاری سامنے آ رہی ہے کہ کباڑ کے گودام میں آگ لگی تھی، جس کے بعد یہ جھگیوں میں پھیلتی چلی گئی۔