Jadid Khabar

دہلی میں انشورنس پالیسی فراڈ کے منظم گروہ کا پردہ فاش، 10 ملزمان گرفتار

Thumb

نئی دہلی: دہلی کے دوارکا ضلع کی سائبر پولیس نے انشورنس پالیسی کے نام پر بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کرنے والے ایک منظم سائبر فراڈ سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ساگرپور علاقے میں قائم ایک فرضی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں ڈیجیٹل اور دستاویزی شواہد ضبط کیے گئے۔

پولیس کے مطابق یہ سنڈیکیٹ لیپس ہو چکی انشورنس پالیسیوں کی بقایا قسطوں یا میچورٹی رقم کی واپسی کے نام پر لوگوں کو فون کر کے دھوکہ دیتا تھا۔ ملزمان خود کو معتبر اداروں کا نمائندہ ظاہر کرنے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا، دہلی ہائی کورٹ، آئی آر ڈی اے اور این پی سی آئی کے جعلی نوٹس اور لوگوز استعمال کرتے تھے، جس سے متاثرین ان کے جھانسے میں آ جاتے تھے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے مشتبہ بینک کھاتوں میں 20 لاکھ روپے سے زائد کی رقم منجمد کی، جبکہ تقریباً ایک کروڑ روپے کی مجموعی دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا۔ برآمدگی میں 18 موبائل فون، چار ہارڈ ڈرائیوز، دو لیپ ٹاپ، ایک کریٹا کار اور متعدد جعلی دستاویزات شامل ہیں۔
اس کیس کی شروعات این سی آر پی پورٹل پر درج شکایات کے تجزیے سے ہوئی، جہاں ایک بینک اکاؤنٹ میں مشتبہ لین دین سامنے آیا۔ منی ٹریل کے ذریعے پولیس نے اکاؤنٹ ہولڈر نشانت چوہان کو حراست میں لیا، جس نے سنڈیکیٹ کے ڈھانچے اور طریقۂ واردات کی تفصیلات بتائیں۔ ڈی سی پی دوارکا انکت سنگھ کی نگرانی میں ٹیم نے مزید کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ماسٹر مائنڈ ساحل بیری کو دوارکا سیکٹر-6 سے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ساحل بیری نے اعتراف کیا کہ وہ جعلی کالز کے ذریعے بیمہ کی رقم دلانے کا جھانسہ دیتا تھا۔ ساگرپور میں اس کے کال سینٹر پر چھاپے کے دوران کشور، دمن، سمیت اور خاتون ٹیلی کالر نیرج سمیت دیگر ملزمان پکڑے گئے۔ موقع سے ہزاروں افراد کا انشورنس ڈیٹا بھی برآمد ہوا۔ بعد ازاں ونئے ملہوترا اور اجے باجپئی کی گرفتاری عمل میں آئی، جن کی پین ڈرائیو سے جعلی مہریں اور خطوط ملے۔
گرفتار ملزمان میں ساحل بیری، اجے باجپئی، نشانت چوہان، ونئے ملہوترا، کشور کمار، دمن بخشی، سمیت گوسوامی، برجیش سینی، نشچئے ساہو اور نیرج شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ میول اکاؤنٹس کے ذریعے رقم منتقل کر کے کمیشن وصول کرتا تھا۔ ایک متاثرہ شخص نشچئے جوشی سے تقریباً 70 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی۔ معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔