نئی دہلی، 22 دسمبر (یو این آئی) پیر کی صبح دہلی کے باشندے آلودہ فضا کے ساتھ بیدار ہوئے، جہاں زہریلی اسموگ کی موٹی تہہ نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق صبح 6 بج کر 5 منٹ پر دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 366 ریکارڈ کیا گیا، جو ایک دن پہلے درج کی گئی 24 گھنٹے کی اوسط 377 کے مقابلے میں معمولی بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔
اتوار کے روز دہلی میں جنوب مشرقی ہوائیں چلتی رہیں، جن کی رفتار گزشتہ 24 گھنٹوں میں بعض اوقات 12 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہی، جس سے فضائی معیار میں معمولی بہتری آئی، تاہم حدِ بصارت بدستور کم رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پالَم اسٹیشن پر تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی مسلسل جنوب مشرقی ہواؤں کے باوجود حدِ بصارت میں کمی جاری رہی۔ اتوار کی رات 9 بج کر 30 منٹ پر حدِ نگاہ 800 میٹر تھی جو پیر کی صبح 7 بجے تک کم ہو کر 350 میٹر رہ گئی، جس کے بعد اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آئی جی آئی) نے ممکنہ پروازوں میں خلل کے پیش نظر سفر کرنے والوں کے لئے ہدایات جاری کی۔