Jadid Khabar

روپیہ مسلسل گر رہا ہے تو ملک کیسے ترقی کر رہا ہے: کھڑگے

Thumb

نئی دہلی، 4 دسمبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ حکومت بار بار کہتی ہے کہ ملک ترقی کر رہا ہے لیکن روپیہ مسلسل کمزور ہو رہا ہے جو کہ ملک کی اقتصادی حالت کی صحیح عکاسی کرتا ہے۔
جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے اور اس سے ملک کی اقتصادی حالت صاف ظاہر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا اگرچہ حکومت بار بار کہتی ہو کہ ملک ترقی کر رہا ہے لیکن روپے کا مسلسل کمزور ہونا بتاتا ہے کہ معاشی حالت کیا ہے۔ 
کانگریس صدر نے کہا، "امریکی ڈالر کے مقابلے روپیہ آج 90 سے تجاوز کر گیا ہے۔ حکومت چاہے کتنا ہی ڈھنڈورہ پیٹ لے، روپے کی گرتی قدر ملک کی حقیقی معاشی صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔ اگر مودی حکومت کی پالیسیاں درست ہوتیں تو روپیہ گرتا نہیں"۔
انہوں نے کہا، "2014 سے پہلے مسٹر مودی پوچھتے تھے کہ ہندوستانی روپے کی قدر کیوں گر رہی ہے؟ آپ کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ ملک آپ سے جواب مانگ رہا ہے۔ لیکن اب ہم مودی جی سے آج وہی سوال پوچھ رہے ہیں، انہیں جواب دینا پڑے گا۔"