واشنگٹن، 3 دسمبر (یو این آئی) امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے نیویارک سٹی میں تعینات 8 امیگریشن ججوں کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فیصلے کی تصدیق امیگریشن ججز کی نمائندہ تنظیم نیشنل ایسوسی ایشن آف امیگریشن ججز (این اے آئی جے) نے بھی کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ تمام جج مین ہٹن میں 26 فیڈرل پلازا کی عمارت میں کام کرتے تھے، جہاں تارکینِ وطن کے قانونی اسٹیٹس سے متعلق مقدمات کی سماعت کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ طویل عرصے سے 26 فیڈرل پلازا کو ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کی علامت سمجھا جاتا ہے، جہاں مہینوں سے ماسک پہنے وفاقی اہلکار روزانہ کی بنیاد پر عدالت سے نکلنے والے تارکینِ وطن کو گرفتار کرلیتے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس اور این اے آئی جے کا کہنا ہے کہ ان 8 امیگریشن ججوں کی برطرفی کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں۔
نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک بھر میں تقریباً 600 میں سے 90 امیگریشن جج برطرف کیے گئے ہیں۔
مہاجرین کے حقوق کیلئے کام کرنے والے گروپوں کے مطابق یہ برطرفیاں اُن ججوں کی جگہ نئے جج تعینات کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں جو ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں سے زیادہ ہم آہنگ ہوں۔