Jadid Khabar

حکومت جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کا فائدہ عام لوگوں کو ملنا یقینی بنائے: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 06 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ مصنوعات اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرحوں میں کمی کرکے عام لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن اب یہ بھی یقینی بنایا جانا چاہئے کہ اس اقدام سے نہ صرف خاص لوگوں کو بلکہ عام لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے۔ 
کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ جے رام رمیش نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ حکومت کو اس بات پر بھی نظر رکھنی ہوگی کہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی سے عام استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہو۔ اس پر نظر رکھنے کے لیے اسے نیشنل اینٹی پرافٹیرنگ اتھارٹی (این اے اے ) کو دوبارہ فعال کرنا ہوگا۔ اس اتھارٹی کو خود حکومت نے نوٹیفکیشن کے ذریعے تقریباً غیر فعال کر دیا تھا اور اب امید کی جانی چاہیے کہ جی ایس ٹی کی نئی شرحوں کے نفاذ کے بعد این اے اے دوبارہ فعال ہو جائے گی۔ 
مسٹر جے رام رمیش نے کہا، "این اے اے کا قیام سنٹرل گڈس اینڈ سروسز ٹیکس ایکٹ 2017 کی دفعہ 171 کے تحت کیا گیا تھا تاکہ اس بات کی نگرانی کی جا ئے کہ آیا جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی سے قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔" 
انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ این اے اے کو ناکارہ کر دیا گیا ہے۔ مودی حکومت نے گزشتہ سال 30 ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور اس سال یکم اپریل سے این اے اے کو تقریبا ختم کر دیا ہے۔  جی ایس ٹی میں اصلاحات کے فوائد عام لوگوں تک پہنچنا یقینی بنانے کے لیے این اے اے ضروری ہے۔
کانگریس لیڈر نے حکومت سے این اے اے کی حیثیت کے بارے میں سوال پوچھا، "کیا این اے اے کو اب نئی زندگی ملے گی؟ یہ کیسے یقینی بنایا جائے گا کہ شرح میں کمی کے فوائد صرف چند خاص لوگوں تک ہی محدود نہ رہیں؟"