موہالی، 6ستمبر (یو این آئی) پنجاب کے موہالی میں واقع فورٹس اسپتال میں زیر علاج وزیراعلیٰ بھگونت مان کی صحت میں بہتری آئی ہے۔
دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (آپ) پنجاب کےشریک انچارج منیش سسودیا نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ بھگونت مان سے ملاقات کر کے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھگونت مان کی صحت اب بہتر ہے اور ان کی نبض کی رفتاربھی پہلے کے مقابلے کافی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگونت مان کی پلس ریٹ کم ہو کر صرف 44 رہ گئی تھی جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ ان کے تمام ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ بھگونت مان کو ابھی کچھ دن مزید اسپتال میں رکنا پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ کی طبیعت ناساز تھی اور حالت مستحکم نہ ہونے پر ڈاکٹروں نے مزید علاج اور نگرانی کے لیے انہیں جمعہ کو اسپتال میں داخل کیا تھا۔ اس سے پہلے بھگونت مان کا دو دن تک ان کی رہائش گاہ پر ہی علاج کیا جا رہا تھا۔
مسٹر سسودیا نے کہا کہ بھگونت مان نے ان کے ساتھ پنجاب میں آنے والے شدید سیلاب کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے اب بھی ان کے ذہن میں تشویش بنی ہوئی ہے۔ بھگونت مان نے کہا کہ اسپتال میں رہتے ہوئے بھی وہ پانی اترنے کے بعد کیے جانے والے کاموں کے سلسلے میں افسران سے بات کر کے آئندہ کی حکمت عملی تیار کریں گے۔