Jadid Khabar

ہندوستان اور قبرص اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے روڈ میپ تیار کریں گے: مودی

Thumb

نکوسیا 16 جون (یواین آئی) ہندوستان اور قبرص اپنی شراکت داری کو اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے لیے اگلے پانچ سالوں کے لیے ایک روڈ میپ تیار کریں گے، جس میں دو طرفہ دفاعی تعاون کے پروگرام اور سائبر اور سمندری علاقوں میں سیکورٹی پر بات چیت بھی شامل ہوگی۔
وزیر اعظم نریندر مودی، جو قبرص کے دورے پر ہیں، پیر کو یہاں صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈس کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے، سرحد پار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان کی حمایت کرنے پر قبرص کا شکریہ ادا کیا۔
دو دہائیوں سے زیادہ کے وقفے کے بعد ہندوستانی وزیر اعظم کے دورہ قبرص کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ باہمی تعلقات میں ایک نیا باب لکھنے کا موقع ہے۔ دونوں ممالک شراکت داری کو اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے لیے پانچ سال کے لیے روڈ میپ تیار کریں گے۔ 
مسٹر مودی نے کہاکہ "اپنی شراکت داری کو اسٹریٹجک سمت دینے کے لیے ہم اگلے پانچ سالوں کے لیے ایک ٹھوس روڈ میپ تیار کریں گے۔ دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دو طرفہ دفاعی تعاون پروگرام کے تحت دفاعی صنعت پر زور دیا جائے گا۔ سائبر اور میری ٹائم سیکورٹی پر الگ الگ بات چیت شروع کی جائے گی۔"
دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی میں تعاون کرنے کے لیے قبرص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ "ہم سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی میں قبرص کی مسلسل حمایت کے لیے شکرگزار ہیں۔ دہشت گردی، منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ہماری ایجنسیوں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا ایک طریقہ کار جلد از جلد تیار کیا جائے گا۔"
مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور قبرص بھی اقوام متحدہ میں اصلاحات کے بارے میں ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ "اقوام متحدہ کو عصری بنانے کے لیے درکار اصلاحات کے بارے میں ہمارے ایک جیسے خیالات ہیں۔ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کی حمایت کے لیے ہم قبرص کے شکر گزار ہیں۔ ہم نے بحیرہ روم کے علاقے کے ساتھ رابطے بڑھانے کے بارے میں بھی بات کی۔ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ہندوستان-وسطی ایشیا-یورپ اقتصادی راہداری خطے میں امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی۔"
وزیر اعظم نے قبرص کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازے جانے کو ہندوستان اور قبرص کے درمیان اٹوٹ دوستی قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ “کل جب سے میں نے قبرص کی سرزمین پر قدم رکھا ہے، صدر مملکت اور یہاں کے لوگوں کی طرف سے دکھائی جانے والی محبت اور پیار نے میرے دل کو چھو لیا، مجھے قبرص کے اتنے بڑے اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز صرف میرا نہیں، یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا اعزاز ہے۔ یہ ہندوستان اور قبرص کے درمیان اٹوٹ دوستی کی مہر ہے۔
اس کے لیے میں ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘
مسٹر مودی آج ہی قبرص سے کینیڈا روانہ ہوں گے جہاں وہ  جی۔7 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ کروشیا کے دورے پر جائیں گے۔