سری نگر، 10 جون (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پہلگام کے لوگ شری امرناتھ جی یاترا کی حفاظت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ شری امرناتھ جی یاتریوں کا اسی طرح استقبال کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے۔موصوف صدر ان باتوں کا اظہار منگل کو پہلگام میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: 'بیسرن وادی میں جو حادثہ پیش آیا اس کے بعد حالات بدل گئے، دس ہزار گھوڑے بانوں، ہوٹل والوں، دکانداروں، ٹیکسی والوں، آٹو والوں، سومو والوں کے حالات خراب ہوگئے'۔
ان کا کہنا تھا: 'ان لوگوں کو بینکوں کا قرضہ ہے جس کی وجہ سے یہ لوگ بہت پریشان ہیں'۔
محبوہہ مفتی نے کہا: 'آج میرے یہاں آنے کا خاص مقصد یہ تھا کہ امر ناتھ جی کی یاترا آنے والی ہے اس لئے میں نے اس یاترا کے روٹس پر جو ورکر رہتے ہیں ، ان کو یہاں بلایا اور کہا کہ شری امرناتھ جی یاترا کی رکھوالی یہاں کے لوگوں کو کرنی ہے، پہلگام کے لوگوں کو کرنی ہے'۔انہوں نے کہا: 'اس طرح لوگوں کا اعتماد بحال ہوگا اور سیاحت دوبارہ بحال ہوگی'۔
سابق وزیر اعلیٰ نے جموں وکشمیر حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ بند پارکوں کو کھولیں تاکہ مقامی سیاح وہاں جا سکیں جس سے گھوڑے والوں، دکانداروں کو کچھ فائدہ ہوسکے۔
انہوں نے شرائن بورڈ انتظامیہ سے اپیل کی کہ جن گھوڑے بانوں کے پاس جتنے گھوڑے ہیں انہیں اتنے گھوڑے یاتریوں کی خدمت کے لئے لانے کی اجازت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا: 'کشمیر کے لوگ اسی طرح یاتریوں کا استقبال کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے اور ان کی خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے'۔