Jadid Khabar

وندے بھارت ٹرین سے پیار و محبت بڑھے گا: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

Thumb

جموں، 10 جون (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ وندے بھارت ٹرین نہ صرف جموں وکشمیر کو ملک کے ساتھ جوڑے گی بلکہ اس سے پیار و محبت بھی بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا: 'ٹرین میں سفر کرنے کے دوران مجھے خوشی سے آنسو آگئے کہ کیا سچ مچ وہ دن آگیا جب میں ریل میں بیٹھ کر ملک کے باقی حصوں میں جا سکوں گا'۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ ریلوے اسٹیشن پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کیا۔ وہ منگل کی صبح وندے بھارت ٹرین سے سری نگر سے کٹرہ روانہ ہوئے تھے۔انہوں نے کہا: 'یہ بہت ہی شاندار ٹرین ہے جو جموں و کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑ رہی ہے، امید ہے کہ ہم سب اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے'۔ان کا کہنا تھا: 'یہ ٹرین نہ صرف جموں و کشمیر کو ملک کے باقی حصوں ساتھ جوڑے گی بلکہ اس سے پیار اور محبت بھی بڑھ جائے گا'۔
اس ٹرین میں سفر کرنے کے تجربے کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: 'میں کچھ بتا نہیں سکتا ہوں، خوشی سے آنسو آگئے کہ کیا سچ مچ وہ دن آگیا جب میں ریل میں بیٹھ کر ملک کے باقی حصوں کا سفر کرسکتا ہوں'۔انہوں نے کہا: 'میں اس پرجیکٹ کے تمام انجیبئروں، ورکروں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے ملک کو دنیا کا سب سے بڑا ریلوے برج دیا'۔ان کا کہنا تھا: 'اس ٹرین کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ مریض ملک کے مختلف ہسپتالوں میں علاج کراسکتے ہیں اور ہماری پیداوار ملک کے مختلف حصوں میں پہنچ سکتی ہے'۔
شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: 'ماتا نے بلایا ہے، یہ کیا کم ہے'۔