Jadid Khabar

بھارتیوں پر مظالم کے حوالے سے ٹرمپ سے بات کریں مودی: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ امریکہ میں ہندوستان کے لوگوں  کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی  ان  پر ہونے والے مظالم کو روکنے میں ناکام رہے ہیں، اس لیے اب مسٹر مودی کو فوری طور پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اس بارے میں بات کرنی چاہیے۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ جے رام رمیش نے منگل کو یہاں سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکہ میں ہندوستانی  شہریوں کے وقار کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے اور   انھیں  ذلیل کرنے کے واقعات مسٹر ٹرمپ کے صدر بننے کے ساتھ ہی شروع ہو گئے تھے جو رکنے کا نام نہیں لے رہے۔ امریکہ میں آئے دن ہندوستانی شہریوں  کے ساتھ ناانصافی اور انہیں ہراساں کرنے کی خبریں آ رہی ہیں اور مودی حکومت اس کام میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا، ’’مودی حکومت ہندوستان اور  ہندوستانیوں  کے وقار کے تحفظ میں ناکام ہو رہی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار کسی امریکی صدر نے واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائی روکنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر مسلسل ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کا سہرا اپنے سرباندھ  رہے ہیں۔ اس دوران، وزیر اعظم مودی جنگ بندی یا امریکہ میں  ہندوستانی شہریوں  کے خلاف ہونے والے مظالم پر بولنے کی ہمت نہیں کر پائے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ہندوستانیوں  کے وقار کا تحفظ کرنا وزیر اعظم مودی کی سب سے اہم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مسٹر مودی صدر ٹرمپ سے بات کریں اور ہندوستان کے لوگوں  کے خلاف ہونے والے مظالم اور امریکہ میں لاکھوں ہندوستانی  طلبہ میں پھیلے خوف کے معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کریں۔