نئی دہلی، 4 جون(یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے نیشنل فیملی ہیلتھ سروے کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے مرکز کی حکومت پر خواتین اور بچوں کی صحت اور غذائیت کے معاملے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ہے۔
مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا کہ ملک میں ہر پانچ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔ ایک تہائی بچوں کا وزن کم ہے، 6 سے 23 ماہ کی عمر کے 84 فیصد سے زیادہ بچوں کو مناسب خوراک نہیں مل رہی ہے، اور 15 سے 49 سال کی عمر کی 57 فیصد خواتین اینیمیا یعنی خون کی کمی کا شکار ہیں۔
ان کا الزام ہے کہ مودی حکومت اپنی ناکامیوں کو ظاہر کرنے والے اہم اعداد و شمار کو جان بوجھ کر چھپا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ - این ایف ایچ ایس 6 کے اعداد و شمار نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ناہلی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
مسٹر کھڑگے نے مزید الزام لگایا کہ حکومت مخصوص اعداد و شمار کو دبانے، کمزور طبقات کو نظر انداز کرنے، اشتہارات اور پبلسٹی کے ذریعے اپنی اچھی تصویر پیش کرنے، اصل صورتحال سے دھیان بھٹکانے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے امیج کو بچانے کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے بچوں اور خواتین کی صحت اور غذائیت جیسے سنگین مسائل پر حکومت کو جوابدہ ہونا چاہیے اور تمام اعداد و شمار عوام کے سامنے لا کر اصل صورتحال واضح کرنی چاہیے۔