واشنگٹن، 21 مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ''میں ایران کے ساتھ جنگ میں واپس نہیں جانا چاہتا، کچھ دن انتظار کروں گا۔''
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے جواب کا چند دن تک انتظار کرسکتے ہیں، مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے ہمیں ایران سے مناسب جواب کی توقع ہے۔ انھوں نے کہا میری ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ بہت اچھی گفتگو ہوئی، لوگوں کی ہلاکت سے بہتر ہے کہ معاہدے کے لیے چند روز انتظار کیا جائے، ایران سے درست جواب نہیں ملا تو ہم تیزی سے آگے بڑھیں گے، ہم کوئی بھی کارروائی کرنے کے لیے الرٹ پر ہیں۔
امریکی صدر نے کہا ڈیل ہونے تک ایرانی ٹینکروں کو جانے نہیں دیں گے، کوئی بھی معاہدہ ہونے تک پابندیاں نہیں ہٹائیں گے، اگر ایران سے 100 فی صد اچھا جواب ملا تو وقت اور بہت زندگیاں بچ جائیں گی، امید ہے ایران اور ہمارے لیے ایک اچھی ڈیل ہو جائے گی۔ امریکہ نے پاکستان کے ذریعے ایران کو نئی تجاویز بھجوا دیں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران اپنے جہاز نہیں نکال سکا، 37 جہازوں کو ہم نے روک دیا، ایران جب تک معاہدہ نہیں کرتا ریلیف کی کوئی بات نہیں ہو سکتی، ایران کو جنگ میں شکست ہو چکی، معاہدے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
انھوں نے اپنا پسندیدہ دعویٰ کیا کہ ایران مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے، اور اب ایران میں ذہین لوگوں سے بات چیت کر رہے ہیں، امید ہے جن سے بات کر رہے ہیں وہ ڈیل کر لیں گے، ایران ڈیل کر لیتا ہے تو یہ سب کے لیے اچھا ہوگا، جن سے بات کر رہے ہیں وہ سمجھدار ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر نے کیوبا سے متعلق کہا کہ اس کے لوگ مشکلات میں ہیں، دیکھتے ہیں ان کے لیے کیا ہوتا ہے، کیوبا کے لوگ بہترین اور میرے دوست ہیں، ہم ان کو مشکلات سے آزاد کریں گے، ہمیں کیوبا کے عوام کی مدد کرنی ہوگی کیوں کہ حکومت نے وہاں اپنا کنٹرول کھو دیا ہے۔