Jadid Khabar

روہنگیا برادری کی جینیاتی جڑیں مشرقی جنوبی ایشیا سے جڑی ہیں، بی ایچ یو میں ہوئی تحقیق سے انکشاف

Thumb

روہنگیا برادری کی جینیاتی ابتدا کے حوالے سے کی گئی پہلی تفصیلی جینوم تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی جینیاتی جڑیں بنیادی طور پر مشرقی جنوبی ایشیا سے وابستہ ہیں۔ حالانکہ میانمار کے اراکان علاقے میں طویل عرصے تک رہائش کے دوران آس پاس کی تبتی-برمی زبانیں بولنے والی برادریوں کے ساتھ ان کا محدود، لیکن واضح جینیاتی اختلاط بھی ہوا ہے۔ تحقیق میں پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی آبادی کے مقابلے روہنگیا برادری میں مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیائی جینیاتی اجزا نسبتاً زیادہ پائے گئے ہیں۔10 اداروں کے 12 سائنس دانوں کی بین الاقوامی ٹیم نے یہ تحقیق کی ہے۔ اس میں جینیات کے ماہرین کے ساتھ ماہرین لسانیات بھی شامل رہے۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق روہنگیا برادری کی جینیاتی ساخت ان کی لسانی شناخت سے بھی مطابقت رکھتی ہے۔ ان کے جینوم میں کچھ ایسے جین بھی پائے گئے ہیں، جو مقامی ماحولیاتی حالات کے مطابق ممکنہ طور پر خود کو ڈھالنے کے آثار ظاہر کرتے ہیں۔

اس بین الاقوامی تحقیقی ٹیم میں بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو)، وارانسی، ڈھاکہ یونیورسٹی، بنگلہ دیش، ٹارٹو یونیورسٹی، ایسٹونیا، سی ڈی ایف ڈی، حیدرآباد، کے یو لیوون، بیلجیم، باری یونیورسٹی، اٹلی، ٹرینیٹی کالج، ڈبلن، کلکتہ یونیورسٹی اور برن یونیورسٹی، سوئٹزرلینڈ کے سائنس دان شامل رہے۔ تحقیق کے لیے بنگلہ دیش کی وزارت برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ریلیف سے اجازت ملنے کے بعد ڈھاکہ یونیورسٹی کی ڈاکٹر غازی نورالنہار سلطانہ کی قیادت میں کاکس بازار کے کیمپ سے 25 روہنگیا افراد کے خون کے نمونے جمع کیے گئے۔ تقابلی مطالعے کے لیے 27 بنگلہ دیشی مسلمانوں، 9 بنگلہ دیشی ہندوؤں اور 9 باوم قبائلی برادری کے افراد کے نمونے بھی لیے گئے۔ اس کے علاوہ یوریشیا کے 2217 نمونوں کو شامل کرکے وسیع پیمانے پر شماریاتی تجزیہ کیا گیا۔
تحقیقاتی ٹیم میں شامل اہم محقق ڈاکٹر غازی نورالنہار سلطانہ کے مطابق ابتدائی تجزیے میں روہنگیا برادری جنوبی ایشیائی گروپ کے قریب ایک الگ جینیاتی گروپ کے طور پر سامنے آئی۔ ان کی جینیاتی ساخت کسی حد تک جنوبی ایشیا اور مشرقی و جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان واقع دکھائی دیتی ہے، لیکن ان کی جینیاتی بنیاد جنوبی ایشیائی ہی ہے۔ تحقیق کے پہلے مصنف ڈاکٹر پرجول پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ماڈل پر مبنی شماریاتی تجزیے میں روہنگیا برادری میں تقریباً 59 فیصد کول سے متعلق یعنی شمالی ہندوستانی طرز کی نسلی وراثت اور تقریباً 41 فیصد برمی ماخذ سے وابستہ نسلی وراثت کا اندازہ لگایا گیا۔ وہیں پڑوسی بنگلہ دیشی مسلم گروپ میں یہ تناسب تقریباً 69 اور 31 فیصد رہا۔ ان کے مطابق یہ فرق میانمار سے متعلق آبادی کے ساتھ روہنگیا برادری کے نسبتاً زیادہ جینیاتی اختلاط کو ظاہر کرتا ہے۔
محققین نے ڈی این اے کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اس جینیاتی اختلاط کا وقت بھی معلوم کرنے کی کوشش کی۔ تحقیق کے مطابق روہنگیا برادری میں جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیائی جینیاتی اجزا کا آخری بڑا اختلاط تقریباً 701 سے 974 برس قبل ہوا تھا۔ محققین اسے اراکان علاقے میں آباد ہونے کے بعد مقامی آبادی کے ساتھ ہونے والے میل جول کا اشارہ مانتے ہیں۔ حالانکہ جینیاتی اختلاط کی یہ مدت بذات خود اس بات کا قطعی ثبوت نہیں ہے کہ کسی برادری نے اس علاقے میں کب سے رہائش اختیار کی تھی۔ ہوموزائگوسٹی کے تجزیے سے پتہ چلا کہ روہنگیا برادری کی تاریخ کسی انتہائی چھوٹی یا مکمل طور پر اپنی برادری کے اندر شادیاں کرنے والی آبادی جیسی نہیں رہی ہے۔ ان کی مؤثر آبادی کا حجم نسبتاً بڑا رہا ہے، جیسا کہ وسیع بنگلہ دیشی اور ہندوستانی نسلی گروپ میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔
تحقیق میں جینیاتی موافقت سے متعلق ممکنہ شواہد کی بھی نشاندہی کی گئی۔ اس کے لیے محققین نے پاپولیشن برانچ اسٹیٹسٹک طریقہ استعمال کرتے ہوئے روہنگیا برادری کے جینوم کا موازنہ مغربی یوریشیائی فرانسیسی اور مشرقی ایشیائی ہان آبادی کے تناظر میں کیا۔ اس تجزیے میں بی اے جی3، آئی ٹی پی آر3، ایس این اے پی91، سی او ایل 27 اے 1 اور پی ایل سی بی 1 سمیت کئی ممکنہ جین سامنے آئے۔ ان میں بی اے جی3، آئی ٹی پی آر3 اور ایس این اے پی91 کو خاص طور پر اہم قرار دیا گیا ہے۔ یہ جین خلیاتی دباؤ کے ردعمل، کیلشیم سگنلنگ، آٹوفیجی یعنی خلیوں کی اندرونی صفائی کے نظام اور ویسیکل ٹرانسپورٹ جیسے حیاتیاتی عمل سے وابستہ ہیں۔ محققین کے مطابق یہ حیاتیاتی عمل جسم کو درجۂ حرارت میں تبدیلی، انفیکشن، میٹابولزم سے متعلق دباؤ اور اعصابی رابطے جیسی صورتحال سے نمٹنے میں مدد دیتے ہیں۔ جنوبی ایشیائی آبادیوں میں اس سے قبل بھی قوت مدافعت کے ردعمل سے متعلق جینیاتی علاقوں میں قدرتی انتخاب کے شواہد مل چکے ہیں۔
روہنگیا برادری میں آئی ٹی پی آر3 سے وابستہ اشارے کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ حالانکہ تحقیقی مقالے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان جین کو ممکنہ انتخاب کے اہداف کے طور پر دیکھا گیا ہے اور دستیاب تجزیے کی بنیاد پر کسی بھی جین پر فائدہ مند قدرتی انتخاب کی قطعی تصدیق نہیں ہوتی۔ تحقیقاتی ٹیم میں شامل ماہر لسانیات پروفیسر جارج وان ڈریم نے کہا کہ روہنگیا برادری کی جینیاتی اور لسانی شناخت ایک موزیک کی مانند ہے۔ اس کی بنیادی تہہ کا تعلق مشرقی جنوبی ایشیا سے ہے، اور ان کی زبان بھی اسی خطے کے لسانی خاندان سے وابستہ ہے۔ اراکان کے علاقے میں طویل