Jadid Khabar

طیاروں کی کمی اور پروازوں کی منسوخی سے مسافر پریشان

Thumb

اگر آپ نے حالیہ دنوں میں کسی ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کے کاؤنٹر کے آس پاس مسافروں کی بھیڑ دیکھی ہوگی تو اس کی واحد وجہ صرف پرواز میں تاخیر نہیں ہے۔ کہیں پرواز آخری وقت پر منسوخ ہو رہی ہے، کہیں مسافر گھنٹوں انتظار کر رہے ہیں تو کہیں دوسری پرواز کا ٹکٹ لینے کے لیے انہیں زیادہ پیسے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ منگل (17 نومبر) کو ممبئی میں شام 7 بجے کے بعد اسپائس جیٹ کی کوئی پرواز اڑان نہیں بھر سکی۔ دبئی میں بھی چیک-اِن کی خدمات روک دی گئیں۔ کئی شہروں میں مسافر پھنسے رہے۔ لیکن سوال صرف اتنا نہیں ہے کہ اسپائس جیٹ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ بڑا سوال یہ ہے کہ ہندوستان میں ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، پھر بھی ایئرلائنز مسافروں کو بھروسے مند خدمات کیوں نہیں دے پا رہی ہیں؟ کیا ملک میں طیارے کم پڑ رہے ہیں؟ کیا آنے والے وقت میں ہوائی ٹکٹ مزید مہنگے ہو سکتے ہیں؟ آئیے ذیل میں پوے معاملے کو سمجھتے ہیں۔

منگل کو شام 7 بجے کے بعد اسپائس جیٹ کی کوئی بھی پرواز ممبئی سے نہیں اُڑ سکی۔ سینکڑوں مسافر ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔ مسافروں کا الزام تھا کہ ایئرلائن کے ملازمین نے نہ تو تاخیر کی وجہ بتائی اور نہ ہی پرواز کا نیا وقت دیا۔ دبئی میں بھی حالات ایسے ہی رہے۔ دبئی ایئرپورٹ کے ڈیٹا کے مطابق 17 نومبر کو وہاں سے امرتسر، ممبئی، نئی دہلی، احمدآباد اور جے پور جانے والی اسپائس جیٹ کی پروازیں منسوخ رہیں۔ بتایا گیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ایئرپورٹ پر ایئرلائن کی گراؤنڈ ہینڈلنگ اور چیک-اِن خدمات روک دی گئی تھیں۔ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی مسافروں کو پریشانی ہوئی۔ باگڈوگرا سے آحمدآباد جانے والی ایک پرواز کئی بار تاخیر کا شکار ہونے کے بعد منسوخ کر دی گئی یعنی مسافروں کے پاس ٹکٹ تو تھا، لیکن انہیں یہ بھروسہ نہیں تھا کہ ان کی پرواز وقت پر اڑان بھرے گی یا نہیں۔ اس سے قبل دیوالی کے دوران بھی احمدآباد ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کی پروازیں منسوخ ہوئی تھیں اور طویل تاخیر کے باعث مسافروں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 12 نمبر کو دبئی سے ہندوستان آنے والی 4 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔
کسی بھی ایئرلائن کو طیارہ اڑانے کے لیے صرف ایندھن خریدنا نہیں ہوتا، بلکہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ، پارکنگ، نیویگیشن اور دوسری خدمات کے لیے بھی ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔ اسپائس جیٹ فی الحال ’کیش اینڈ کیر‘ نظام کے تحت کام کر رہی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ کئی خدمات کا استعمال کرنے سے قبل ہی ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایئرلائن پر نیویگیشن اور لینڈنگ چارج کے علاوہ پیسنجر سروس فیس کی ادائیگی بھی بقایا ہے۔ اسے یوں سمجھیں کہ آپ کی گاڑی پٹرول پمپ پر پہنچی، لیکن وہاں ادھار ملنا بند ہو گیا۔ اب گاڑی تبھی چلے گی جب آپ کے پاس ادائیگی کے لیے پیسے ہوں گے۔ ایئرلائن کو بھی کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دبئی ایئرپورٹ کا معاملہ بھی واجبات کی عدم ادائیگی سے منسلک ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسپائس جیٹ پر دبئی ایئرپورٹ کا تقریباً 1.4 کروڑ درہم یعنی تقریباً 35.8 کروڑ روپے بقایا ہے۔ پریشانی صرف بڑے ایئرپورٹ تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ چھوٹے سپلائروں کی ادائیگیاں بھی رکی ہوئی ہیں۔ ایئرلائن کی فائلنگ کے مطابق اپریل سے ستمبر کے درمیان چھوٹے سپلائروں کے 85 فیصد سے زیادہ بل 45 دن کی قانونی مدت کے اندرا ادا نہیں کیے گئے۔ ان کا مجموعی بقایا 63.03 کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔