تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے نے کالج کے طلبا کے لیے مفت لیپ ٹاپ اسکیم نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس اسکیم کا نام ’ویتری لیپ ٹاپ اسکیم‘ رکھا گیا ہے۔ ٹی وی کے حکومت نے اس کے لیے 2 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ بھی مختص کیا ہے۔ اس اسکیم کا اعلان مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں کیا گیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق وجے کی قیادت والی ٹی وی کے حکومت نے ہفتہ (7 نومبر) کو بتایا کہ 27-2026 کے بجٹ میں اعلان کردہ اس مفت لیپ ٹاپ اسکیم کو نافذ کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ حکومت نے ایک سرکاری بیان میں بتایا کہ طب، زراعت اور قانون سمیت مختلف کورسز میں سرکاری اور حکومت سے امداد یافتہ کالجوں میں زیر تعلیم انڈر گریجویٹ (یو جی) اور ڈپلوما سطح کے پہلے اور دوسرے سال کے طلبا اس مفت لیپ ٹاپ اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ خبریںپڑھیں
دی گئی جانکاری کے مطابق ویتری لیپ ٹاپ اسکیم کے دائرے میں آرٹس، سائنس، انجینئرنگ، طب، ویٹرنری سائنس، زراعت، ماہی پروری اور قانون جیسے کورسز کے طلبا شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ پالی ٹیکنک اور آئی ٹی آئی میں زیر تعلیم طلبہ کو بھی اس اسکیم کا فائدہ دیا جائے گا۔ ساتھ ہی وجے حکومت نے ان طلبا کو بھی اس اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو تعلیمی سال 26-2025 میں مفت لیپ ٹاپ اسکیم کا فائدہ حاصل نہیں کر سکے تھے۔ ایسے طلبا جو سرکاری یا حکومت سے امداد یافتہ اداروں میں پیشہ ورانہ کورسز کے تیسرے یا چوتھے سال میں زیر تعلیم ہیں، انھیں بھی لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
تمل ناڈو حکومت نے انجینئرنگ کے طلبا کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے خصوصی انتظام کیا ہے۔ ان طلبا کو انٹیل کور آئی 5 پروسیسر یا اس کے مساوی صلاحیت والے لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ لیپ ٹاپ کی خریداری اور فراہمی کی ذمہ داری سرکاری کمپنی ای ایل سی او ٹی کو سونپی گئی ہے۔ اس سلسلے میں انتظامی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ کمپنی کو معیار کے مقررہ پیمانوں پر پورا اترنے والے لیپ ٹاپ خریدنے ہوں گے۔