Jadid Khabar

دہلی میں آلودگی پر قابو پانے کے لیے اٹھایا گیا بڑا قدم، یکم نومبر سے تعمیرات پر لگی روک

Thumb

دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر حکومت نے تعمیراتی کاموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت یکم نومبر سے راجدھانی میں تعمیراتی کاموں اور بیرونی انہدامی سرگرمیوں پر روک رہے گی۔ ساتھ ہی 10 دسمبر سے 20 جنوری تک تعمیراتی کاموں پر مکمل پابندی نافذ رہے گی۔

دراصل دہلی میں آلودگی کی روک تھام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں آج صبح ماحولیات بھون میں ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں آلودگی کی صورت حال اور اس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا اور وزیر تعمیرات عامہ پرویش ورما موجود تھے۔ میٹنگ میں طے کیا گیا کہ آلودگی کے لحاظ سے حساس وقت کے دوران تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں کو مرحلہ وار طریقے سے کنٹرول کیا جائے گا۔ یکم نومبر سے بیرونی انہدامی اور تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی شروع ہو جائے گی، جبکہ 10 دسمبر سے 20 جنوری تک تعمیراتی کام مکمل طور پر بند رہیں گے۔
دہلی حکومت نے یکم نومبر 2026 سے 31 جنوری 2027 تک گرد اڑانے والی انہدامی سرگرمیوں اور باہر ہونے والے تعمیراتی کاموں پر پابندی لگانے کا حکم دیا ہے۔ ان پابندیوں کا مقصد ان سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے جن سے سردیوں کے مہینوں میں گرد اڑ سکتی ہے۔ حکومت نے 10 دسمبر 2026 سے 20 جنوری 2027 تک تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
پرائیویٹ گاڑیوں کے استعمال کو کم کرنے کے لیے ایک اور اقدام کے تحت دہلی حکومت نے مجاز پارکنگ مقامات پر موجودہ پارکنگ فیس دوگنی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تبدیل شدہ پارکنگ فیس یکم نومبر 2026 سے 28 فروری 2027 تک نافذ رہے گی۔ تاہم دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کی ملکیت اور انتظام کے تحت آنے والے پارکنگ مقامات کو اس فیصلے سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ اس قدم کا مقصد لوگوں کو ذاتی گاڑیوں کے استعمال سے روکنا ہے۔
دہلی حکومت نے یکم نومبر سے 28 فروری تک دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کا بھی اعلان کیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے تحت آنے والے دفاتر صبح 8.30 بجے سے شام 5 بجے تک کام کریں گے۔ گورنمنٹ آف نیشنل کیپٹل ٹیریٹری آف دہلی (جی این سی ٹی ڈی) کے تحت آنے والے دفاتر صبح 10 بجے سے شام 6.30 بجے تک کام کریں گے۔ حکومت نے کہا ہے کہ اوقات کار میں یہ تبدیلی سردیوں کے موسم کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔
حکومت نے سرکاری اور خود مختار دفاتر کو 50 فیصد ’ورک فرام ہوم‘ (گھر سے کام کرنے) کا نظام نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس نظام کے تحت 50 فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے، جبکہ باقی 50 فیصد ملازمین دفتر سے کام کریں گے۔ یہ قدم یکم نومبر سے 28 فروری تک نافذ رہے گا۔