Jadid Khabar

چڑھاوے کی چوری پر مودی خاموشی توڑیں، سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہو جانچ: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے ایودھیا کے رام مندر میں چڑھاوے کی چوری کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے خاموشی توڑنے اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں معاملے کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ چارج شیٹ میں سامنے آنے والے حقائق نے ایس آئی ٹی کی جانچ اور سرکاری پردہ پوشی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چار جون کو 2.25 لاکھ روپے کی رقم باتھ روم میں ملنے کی ویڈیو چمپت رائے کو بھیجی گئی اور پانچ جون کو انہیں سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھایا گیا اس کے باوجود ایف آئی آر 25 جون کو درج ہوئی۔

مسٹر رمیش نے سوال کیا کہ سی سی ٹی وی، برآمدگی اور مشتبہ ملازمین کی شناخت سامنے آنے کے بعد بھی  کارروائی میں 21 دن کی تاخیر کیوں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ کے مطابق چڑھاوے کی رقم ہٹانے کے 105 واقعات سامنے آئے اور ایک ملزم 85 بار رقم ہٹاتا ہوا دیکھا گیا، پھر بھی جانچ آٹھ ملزمین تک ہی محدود کیوں رہی۔

انہوں نے کہا کہ چمپت رائے، انل مشرا اور گوپال راؤ کو ملزم اور گواہ کیوں بنایا گیا۔ مسٹر رمیش نے کہا کہ رام بھکتوں کے اعتماد سے جڑے اس معاملے میں اصل ذمہ داری طے ہونے تک معاملہ ختم نہیں سمجھا جا سکتا اور اس کی منصفانہ نیز شفاف جانچ سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہونی چاہیے۔