Jadid Khabar

مودی کی قیادت میں شمال مشرقی ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے: نڈا

Thumb

نئی دہلی، 25 دسمبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شمال مشرقی ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور شمال مشرقی ریاستوں میں فضائی، سڑک اور ڈیجیٹل رابطے میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔
مسٹر نڈا نے جمعرات کو شمال مشرقی ہندوستان کی عیسائی برادری کی کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔ اس جشن کا اہتمام ماؤ ناگا کرسچن فیلوشپ نے راج پور روڈ، سول لائنز پر چرچ میں کیا تھا۔ اس موقع پر مسٹر نڈا کے ساتھ بی جے پی کے قومی وزیر انل کے انٹونی، دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا اور قومی ترجمان ٹام وڈاکن سمیت کئی دیگر لیڈران بھی تھے۔
اس موقع پر مسٹر نڈا نے مسیحی برادری کو یسوع مسیح کے یوم پیدائش پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کیک بھی کاٹا اور کرسمس کی تقریب کے انعقاد پر چرچ کمیٹی کے عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کی قیادت میں شمال مشرقی ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان میں فضائی، سڑک اور ڈیجیٹل رابطے میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ ناگالینڈ میں میڈیکل کالج شروع ہوا ہے جس کی وجہ سے ناگالینڈ کے لوگ اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا، ''جس طرح آج ہم کرسمس منا رہے ہیں اسی طرح ہم سب کو مل کر انسانیت کے لیے کام کرنا ہے تاکہ ملک ترقی کرے اور آپ سب اس میں شراکت دار بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ''یہ میرے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے مجھے صحت کے شعبے میں کچھ کرنے کا موقع دیا ہے اور مجھے وزیر صحت مقرر کرکے آپ کی خدمت کا موقع دیا ہے''۔
بی جے پی صدر نے کہا، "مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہم بی جے پی حکومت کی تمام پالیسیوں اور صحت سے متعلق سہولیات کو شمال مشرقی ریاستوں میں زمینی سطح پر نافذ کرنے اور انہیں لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔"
قابل ذکر ہے کہ اس چرچ میں آنے والے زیادہ تر لوگ ناگالینڈ، منی پور اور اروناچل پردیش کے باشندے ہیں۔ ماؤ ناگا کرسچن فیلوشپ کے نمائندوں، ہیپونی کائینا، مسٹر پی کولو، مسٹر اشوہری پوکیہینی اور مسٹر ایل کہولی نے اس موقع پر مسٹر نڈا اور ان کے ہمراہ  آنے والے دیگر بی جے پی لیڈروں کا خیرمقدم کیا۔
یواین آئی۔الف الف