Jadid Khabar

بیرون ملک بھیجنے کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو: وزیراعلی یوگی

Thumb

گورکھپور، 20 دسمبر (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ 


وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایات ہفتہ کی صبح منعقدہ جنتا درشن کے موقع پر عوام کے مسائل سنتے ہوئے دیں اور کہا کہ ایسے ایجنٹوں سے متاثرہ افراد کی پوری رقم بھی واپس کرائی جائے۔ انہوں نے بیرون ملک بھیجنے کے نام پر فراڈ کرنے والوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات بھی دیے۔ 


گورکھ ناتھ مندر کے مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے سبھاگار میں منعقدہ جنتا درشن میں یوگی آدتیہ ناتھ نے تقریباً 250 افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے سبھی کو یقین دلایا کہ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور ہر مسئلے کا مؤثر حل نکالا جائے گا۔