نئی دہلی، 04 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا یہ معمول بن گیا ہے کہ وہ اپنے بدانتظامی، بدعنوانی اور غیر جمہوری رویّے کو چھپانے کے لیے دوسروں کو الزام دیتی ہے، اسی لیے لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی پر اس کے الزامات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے. سی. وینوگوپال نے کہا کہ بی جے پی کی عادت ہے کہ وہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے کانگریس کو موردِ الزام ٹھہراتی ہے، جس سے ہمیں بین الاقوامی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواہ یہ بات کولمبیا میں کہی جائے یا کانپور میں، حقیقت ایک ہی ہے - مرکزی حکومت ہماری معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں ناکام رہی ہے اور ہمارے یہاں زیادہ آبادی کے فائدے کو ضائع کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ''ہمارے جمہوری نظام کا اغوا ایک ایسا معاملہ ہے جس نے ہمیں پوری دنیا میں بدنام کیا ہے اور اس کا سہرہ بی جے پی کے سر جاتا ہے۔''
انہوں نے مزید کہا کہ''راہل جی پر صاف اور دوٹوک انداز میں بولنے کے لیے نکتہ چینی کرنا بی جے پی کے نظام کی ایک پرانی اور غلط حکمتِ عملی ہے۔ اگر وہ ان کے بیانات پر غور کریں اور 2014 سے جن واضح خامیوں کی نشاندہی راہل جی کرتے آ رہے ہیں، ان کو دور کرنے کے لیے قدم اٹھائیں، تو یہ خود ان کے لیے زیادہ بہتر ہوگا۔''