Jadid Khabar

ویتنام میں سمندری طوفان سے 51 افراد جاں بحق

Thumb

ہنوئی، 3 اکتوبر (یو این آئی) سمندری طوفان بوالوئی اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے شمالی اور وسطی ویتنام میں 51 افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ  14 لاپتہ اور 164 زخمی ہوئے ہیں۔
ویتنام ڈیزاسٹر اینڈ ڈائک مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کو ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ اتھارٹی کے مطابق، ابتدائی طور پر اقتصادی نقصانات کا تخمینہ تقریباً 15.9 ٹریلین ویتنامی ڈونگ یعنی  608 ملین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ طوفان سے 238,000 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے  یا  پھر وہ ڈوب گئےہیں، تقریباً 89,000 ہیکٹر چاول اور دیگر فصلیں ڈوب گئیں، اور 17,000 ہیکٹر سے زیادہ آبی زراعت اور تقریباً 50,300 ہیکٹر جنگلات کو نقصان پہنچا۔ 
رپورٹ کے مطابق طوفان نے انفراسٹرکچر کو بھی خاصا نقصان پہنچایا۔ ملک بھر میں 8,800 سے زیادہ بجلی کے کھمبے گر گئے، اور تقریباً 468,500 گھر اب بھی بجلی سے محروم ہیں، جب کہ تقریباً 1,500 اسکولوں کو نقصان پہنچا۔ مقامی حکام  کی  جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دریں اثنا، ویتنام کی خبر رساں ایجنسی نے جمعہ کو اطلاع دی کہ وزیر اعظم فام من چن نے جمعرات کو 15 متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد کے لیے مرکزی بجٹ سے 2.524 ٹریلین ویتنام ڈونگ (تقریباً 96.5 ملین ڈالر) کے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔