جے پور، 13 جون (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے گجرات کے احمد آباد میں ہوائی جہاز کے المناک حادثے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی کی موت بہت بہت افسوسناک ہے۔
مسٹر اشوک گہلوت نے کہا، "مسٹر وجے روپانی شائستہ طبیعت کے آدمی تھے۔ جب میں گجرات کانگریس کا انچارج تھا، وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔" انہوں نے بھگوان سے مسٹر وجے روپانی کی روح کو سکون اور لواحقین کو ہمت دینے کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں اب تک راجستھان کے 12 باشندوں کی موت ہونے کی اطلاع ہے۔ اس غیر متوقع حادثے نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ان کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ وہ مہلوکین کی روح کو سکون عطا فرمائے اور مصیبت کی اس گھڑی میں لواحقین کو ہمت دے۔