ہندوستان سے جاری کشیدگی کے درمیان پاکستان کے فوجی سربراہ سے امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فون پر بات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق روبیو نے دونوں ملکوں (ہندوستان-پاکستان) کے درمیان بگڑتے حالات کو لے کر پاکستان کے فوجی سربراہ منیر سے بات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بات چیت کے دوران مارکو روبیو نے پاکستان سے ہندوستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی بات کہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان مسلسل ہندوستان پر ڈرون اور میزائل سے حملے کی کوشش کر رہا ہے جسے ہندوستانی فوج ناکام بناتی جا رہی ہے۔
پاکستان نے جمعہ کی دیر رات اور ہفتہ کی صبح بھی اپنے ڈرون سے ہندوستان کے کئی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی فوج نے ان تمام ڈرون کو مار گرایا۔
’این ڈی ٹی وی انڈیا‘ کی خبر کے مطابق ہندوستان نے اپنی جوابی کارروائی میں پاکستان کے تین ایئر بیس کو تباہ کر دیا ہے۔ جن ایئر بیس کو ہندوستان نے نشانہ بنایا ہے ان میں نور خان، شور کوٹ اور مرید کے ایئر بیس شامل ہیں۔ ہندوستانی فوج نے یہ صاف کر دیا ہے کہ پاکستان کو اس کی زبان میں ہی جواب دینا ہے۔
ہندوستان نے اپنی جوابی کارروائی میں پاکستان کے کئی میزائل کو مار گرایا۔ پاکستان ایل او سی سے سٹے علاقوں پر مسلسل فائرنگ کر رہا ہے۔ پاکستان کی فائرنگ میں جموں و کشمیر انتظامیہ کے ایک سینئر افسر کی موت ہو گئی۔ پاکستان نے ان کے گھر پر مورٹار داغا تھا۔ ساتھ ہی گولی باری بھی کی گئی تھی۔
پاکستان کی گولی باری میں جس افسر کی موت ہوئی ہے ان کی پہچان راج کمار تھاپا کے طور پر کی گئی ہے۔ تھاپا ایڈیشنل ضلع ڈیولپمنٹ کمشنر کے عہدے پر تھے۔ پاکستان کے اس بزدلانہ حملے کی جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راج کمار تھاپا نے اس حملے سے کچھ گھنٹے پہلے ہی ان سے ایک آن لائن میٹنگ میں بات کی تھی۔