Jadid Khabar

عالمی کشیدگی کے وقت کثیرالجہتی کو مضبوط کرنا ضروری: جے شنکر

Thumb

نئی دہلی، 22 ستمبر (یواین آئی) وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے مقابلے، جیو پولیٹیکل کشیدگی اور تنازعات کے درمیان عالمی نظام دباؤ میں ہے اور ایسے میں بین الاقوامی تعاون کے جذبے کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔
مسٹر جے شنکر نے پیر کی رات نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 'ہائی لیول ویک' اجلاس کے موقع پر 'پارٹنرز فار ملٹی لیٹرلزم، انٹرنیشنل لاء، پیس اینڈ پراسپرٹی' سربراہ اجلاس میں کہا کہ امن و بین الاقوامی سلامتی، ماحولیاتی اقدامات، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، ترقیاتی مالیات، دہشت گردی کا مقابلہ، سپلائی چین، آفات سے نمٹنے اور وبائی امراض کی تیاری جیسے مسائل کا حل اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ایندھن، خوراک، کھاد اور مالیات سے جڑے بحرانوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت بتائی اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں ان بحرانوں کا حل انتہائی ضروری ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز اور صلاحیتوں کے لیے مناسب قوانین اور سکیورٹی کے انتظامات ضروری ہیں۔ سپلائی میں رکاوٹ اور کسی ایک جگہ پر حد سے زیادہ انحصار کے خطرے سے نمٹنے کے لیے خطرات کو کم کرنے اور ذرائع میں تنوع لانے کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کثیر الجہتی کو آگے بڑھانے کے لیے اس میں اصلاحات ضروری ہیں، جس میں زیادہ سے زیادہ شمولیت اور شفاف فیصلہ سازی کا عمل شامل ہو۔