ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے: یوگی آدتیہ ناتھ
لکھنؤ، 27 جولائی (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہندستان کے سابق صدر اور بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی برسی کے موقع پر پیر کے روز انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دفاع اور خلائی سائنس کے شعبوں میں ہندستان کو عالمی سطح پر نئی شناخت دلانے اور ملک کو جوہری طاقت بنانے میں ڈاکٹر عبدالکلام کا کردار بے مثال اور ناقابلِ فراموش ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ "میزائل مین" کے نام سے مشہور ڈاکٹر عبدالکلام کی دوراندیش سوچ، سادگی اور وطن کی خدمت کے لیے ان کی بے لوث وابستگی آج بھی ملک کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام نے اپنی سائنسی قیادت اور بصیرت افروز وژن کے ذریعے ہندستان کی دفاعی اور خلائی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ان کی کوششوں نے نہ صرف ہندستان کو عالمی سطح پر منفرد شناخت دلائی بلکہ ملک کو ایک مضبوط جوہری طاقت کے طور پر قائم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی پوری زندگی حب الوطنی، سائنسی فکر، سادگی اور فرض شناسی کی ایک روشن مثال ہے۔ ان کے نظریات، افکار اور طرزِ عمل آئندہ نسلوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے اور ترقی یافتہ ہندستان کی تعمیر کے عزم کو نئی قوت عطا کریں گے۔
واضح رہے کہ سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا 27 جولائی 2015 کو میگھالیہ کے شہر شیلانگ میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں ایک لیکچر کے دوران انتقال ہو گیا تھا۔ ان کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔