Jadid Khabar

زمین سے متعلق معاملات میں لاپرواہی پر ہو سخت کارروائی: یوگی

Thumb

گورکھپور، 3جون (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جنتا درشن میں زمین سے متعلق شکایات پر سخت رخ اختیار کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دی کہ زمین سے متعلق شکایات کے ازالے میں کسی بھی سطح پر لاپرواہی ملنے پر سخت کارروائی یقینی ہونی چاہئے۔ 
وزیر اعلیٰ نے گورکھپور قیام کے دوران لگاتار دوسرے دن بدھ کی صبح گورکھ ناتھ مندر میں منعقدہ جنتا درشن میں لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور کہا کہ معاملے کی سنگینی کے مطابق متعلقہ شخص کے خلاف معطلی کی کارروائی کی جائے۔ کسی بھی سطح پر سستی یا لاپرواہی ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ کچھ لوگوں نے وزیر اعلیٰ سے زمین سے جڑے معاملات میں محکمہ مال کے ملازمین کی جانب سے لاپرواہی برتے جانے کی شکایت کی تو انہوں نے ڈی ایم کو فوری طور پر سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ 

اس موقع پر علاج کے لیے مالی امداد کی فریاد لے کر پہنچے لوگوں سے انہوں نے کہا کہ حکومت علاج میں پوری مدد کرے گی۔ اس کے لیے ضرورت مند لوگوں کا آیوشمان کارڈ بنوایا جائے گا اور اس کے بعد بھی ضرورت پڑی تو صوابدیدی فنڈ سے امداد فراہم کی جائے گی۔ جنتا درشن کے دوران وزیر اعلیٰ نے موجودہ افسران کو ہدایت دی کہ ہر ضرورت مند اور اہل شخص کا آیوشمان کارڈ بنوانا یقینی بنایا جائے، تاکہ انہیں علاج کے لیے پریشان نہ ہونا پڑے۔ 
 گورکھ ناتھ مندر قیام کے دوران بدھ کی صبح بھی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا معمول روایتی رہا۔