Jadid Khabar

جنوبی کوریا کے ساتھ خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری اور ہوگی مضبوط: راجناتھ

Thumb

نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) ہندوستان  اور جنوبی  کوریا نے علاقائی امن، استحکام اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو اور مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دو ممالک کے سفر کے دوسرے مرحلے میں منگل کوجنوبی  کوریا کے دارالحکومت سیول پہنچے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جنوبی  کوریا کے وزیر دفاع کے ساتھ میٹنگ کے بعد یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی  کوریا کے وزیر دفاع کے ساتھ ان کی میٹنگ انتہائی کامیاب رہی اور اس دوران دونوں ممالک نے دفاع، سائبر تعاون اور دیگر شعبوں میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔ میٹنگ کے بعد مسٹر سنگھ نے بدھ کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، "سیول میں میرے جنوبی  کوریائی ہم منصب آہن گیو بیک کے ساتھ بہترین میٹنگ ہوئی۔ ہم نے علاقائی امن، استحکام اور تکنیکی تعاون کے تئیں مشترکہ عزم کے ساتھ ہندوستان-جمہوریہ کوریا دفاع، دفاعی صنعت اور اسٹریٹجک تعاون کو اور گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔"

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی کامیاب میٹنگ رہی، کیونکہ ہندوستان اور کوریا نے دفاعی سائبر تعاون کو فروغ دینے، ہندوستان کے نیشنل ڈیفنس کالج اور جمہوریہ کوریا کی کوریا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے درمیان نیز اقوام متحدہ کے امن مشن کے تعاون سے متعلق معاہدوں کا تبادلہ کیا، جس سے ہماری شراکت داری اور زیادہ مضبوط اور کثیر جہتی بنی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو اور مضبوط کرنے کی سمت میں آگے بڑھنے کی امید ہے۔

مسٹر سنگھ نے کوریا میں بہادر سپاہیوں کی سمادھی پر گلہائے عقیدت بھی  نذر کیئے۔ انہوں نے کہا، "کوریا کی قومی سمادھی پرگہائے عقیدت   نذر کیئے  اور ان بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے اپنے ملک کی خدمت میں عظیم ترین قربانی دی۔ ان کا حوصلہ، لگن اور حب الوطنی کا جذبہ ہمیشہ مشعلِ راہ بنا رہے گا۔ ہندوستان، جمہوریہ کوریا کے بہادروں کی وراثت کا احترام کرنے میں اس کے ساتھ یکجہتی سے کھڑا ہے۔"

اس سے پہلے سیول پہنچنے پر مسٹر سنگھ نے کہا تھا کہ ان کے سفر کا مقصد ہندوستان-کوریا دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو اور مضبوط کرنا ہے۔