Jadid Khabar

حکومتیں آئین اور سیکولرزم کے وقار کو برقرار رکھیں: مایاوتی

Thumb

لکھنؤ، 18 مئی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد جاری تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو آئین اور سیکولرزم کے اصولوں کی پاسداری کرنے کی سخت نصیحت کی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے پیغام میں مایاوتی نے کہا"حکومتوں کو ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے تنگ نظر سیاست، مذہبی امتیاز یا نسلی دشمنی کا تاثر ملے۔ دنیا بھر میں  ہندوستان کی منفرد انسانیت پسند شناخت بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین سے ہے، جو مکمل طور پر سیکولرزم کے اصولوں پر مبنی ہے۔" انہوں نے ہائی کورٹ کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کو انتشار پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ کسی بھی حکومت پر جانبداری کا الزام نہ لگے۔
 بی ایس پی سپریمو نے زور دیا کہ مفاد عامہ کے لیے بنائے گئے قوانین کا اطلاق تمام مذاہب کے لوگوں پر یکساں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کا استعمال مذہبی یا نسلی بھید بھاؤ کے بغیر ہونا ضروری ہے تاکہ حکومتوں کی آئینی ساکھ متاثر نہ ہو۔ انہوں نے حکومتوں کو مشورہ دیا کہ ملک کے مشکل سماجی اور اقتصادی حالات کے پیش نظر وہ تعمیراتی کاموں اور اہم مسائل پر توجہ مرکوز کریں، نہ کہ تخریبی امیج کے ذریعے عوام کی توجہ بانٹنے کی کوشش کریں۔مایاوتی نے متنبہ کیا کہ عوامی مسائل کو نظر انداز کر کے تنازعات کو ہوا دینے سے ملک میں 'بحران' کی صورتحال مزید بڑھے گی، جو کسی بھی طرح ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں ہوگی۔